Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

امارات میں ایک بار پھر شدید بارش کا خدشہ، اسکول اور پارک بند، پبلک ایونٹ معطل

لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہہ دیا گیا، غیر ضروری سفر اور افواہیں پھیلانے سے گریز کی ہدایت
اپ ڈیٹ 01 مئ 2024 04:18pm

متحدہ عرب امارات میں بارشوں کا زور مکمل طور پر نہیں ٹوٹا۔ قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جمعرات اور جمعہ کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات سے بچنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزارتِ تعلیم نے کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے امکان اور غیر یقینی موسم کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ تمام اسکولوں میں تدریس آن لائن ہوگی۔ اسکولوں کے ساتھ ساتھ تمام پارک اور دیگر پبلک مقامات بھی بند رہیں گے اور تمام تقریبات معطل کردی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق بارش کی حالیہ لہر پچھلی لہر سے کم ہوگی تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ گھروں تک محدود رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

متحدہ عرب امارات میں حالیہ طوفانی بارشوں کے دوران بہت بڑے پیمانے پر تباہی واقع ہوئی۔ دبئی، شارجہ، عجمان اور دیگر ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا تھا۔ بیسیوں علاقوں کے مکانات میں پانی بھرگیا جس کے نتیجے میں قیمتی سامان تلف ہوگیا۔ ہزاروں افراد بارشوں کے دوران اپنے گھروں سے دور مختلف علاقوں میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ بہت سے علاقوں میں اُن طوفانی بارشوں کے اثرات اب تک باقی ہیں۔

یو اے ای کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ لوگ ایسی ویڈیوز اور خبریں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نہ چلائیں جن سے ملک کی ساکھ کمزور ہو اور دوسروں کے لیے مشکلات پیدا ہوں۔ حکومت نے ایک بار پھر انتباہ جاری کیا ہے کہ جو لوگ اس انتباہ کو نظر انداز کریں گے اور ملک کو بدنام کرنے والی ویڈیوز اور خبریں اپ لوڈ کریں گے انہیں سزائے قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

UAE MORE RAINS

NEW MET ALERT

SCHOOLS PARKS CLOSED

PUBLIC EVENTS POSTPONED

PEOPLE TOLD TO REMAIN IN HOMES