تحریک انصاف شوق سے فوجی قیادت سے مذاکرات کرے، سعد رفیق، گورنر راج کا اشارہ
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی شوق سے فوجی قیادت سے بات کرے مگر پہلے سول سپرمیسی کے ڈرامے سے باہر تو آئے۔
لاہور میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا کہ اگر علی امین گنڈا پور نے وفاق پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو پھر گورنر راج لگانے کا آپشن موجود ہے، بہتر ہے وہ یہ حماقت نہ ہی کریں۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے کہ ان کا ایک ہاتھ گریبان پر اور دوسرا پیروں پر ہوتا ہے، ملک میں سنجیدگی کی سیاست آنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ صرف آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں، پاکستان کے بہتر مستقبل کی خاطر آرمی چیف سے بات کریں گے۔
سعد رفیق نے لاہور میں تقریب سے بھی خطاب کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن محفوظ اور مستحکم بنائیں گے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، معاشی مسائل کے حل کیلئے محنت کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کوشش کررہے ہیں، ہمیں قرض کے بجائے سرمایہ کاری چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی بگاڑ بہت بڑا ہے لیکن مایوس نہیں ہوں گے، جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ نئی نسل کو مستحکم پاکستان دینا ہے، جھوٹ بولے جاتے ہیں زہریلا پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے لیکن پاکستان کا قافلہ کامیابی سے دوچار ہوگا
Comments are closed on this story.