Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کی وائرل ترین جرائم ویڈیو پر دوستوں کی شرارت سے نوجوان کی زندگی خطرے میں

آج نیوز کی خبر پر ایکشن، فیک پوسٹ اپ لوڈ کرنے والے لڑکے زیر حراست
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2024 02:54pm
The joke of friends in Karachi cost the youth dearly - Aaj News

کراچی میں نوجوان کو دوستوں کا مذاق مہنگا پڑ گیا، دوستوں نے سوشل میڈیا پر نوجوان کو ڈاکو ظاہر کرکے ویڈیو پوسٹ کی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بیس سالہ عبدالباسط کا کہنا ہے کہ اسے دھمکیاں مل رہی ہیں۔

کراچی میں دوستوں نے مذاق میں اپنے دوست عبدالباسط کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تصویر میں عبدالباسط کو ڈاکو ظاہر کیا گیا، تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس کے بعد باسط کا جینا مشکل ہوگیا۔

باسط کے دوستوں نے شرارت میں اس کا تعلق لوٹ مار کی ایک ویڈیو سے جوڑ دیا جو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

بیس سالہ باسط کا کہنا ہے کہ گھر سے نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے، مگر دوست اب بھی باز نہیں آئے۔

باسط نے بتایا کہ اب گھر سے نکلتا ہوں تو ماسک پہن کر جاتا ہوں جب کہ والدہ ہر وقت فکر مند رہنے لگی ہیں۔

دوستوں کی تفریح کے سامان نے عبدالباسط کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا ہے۔

باسط نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آج نیوز کی خبر پر ایکشن، عبدالباسط کے دوست زیر حراست

پولیس نے آج نیوز کی خبر پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر دوست کی فیک پوسٹ اپ لوڈ کرنے والے تینوں لڑکوں کو منگھو پیر سے حراست میں لیا۔

زیر حراست ملزم ذیشان کا کہنا ہےکہ ہم نے مذاق میں پوسٹ لگائی تھی، اندازہ نہیں تھا اتنی وائرل ہو جائے گی۔

ذیشان نے کہا کہ میں اپنے کئے پر شرمندہ ہوں اور اپیل کرتا ہوں کے باسط کی کوئی غلطی نہیں ہے۔

ملزم طلحہ نے کہا کہ ہم نے مذاق میں پوسٹ لگائی تھی اس پر کمنٹ کئے تھے، میں نے ذیشان سے کہا کہ یہ پوسٹ ہٹائیں، ہم سب معافی چاہتے ہیں۔

ملزمان نےعوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر کو شئیر نہ کریں یہ ایک مذاق تھا۔

karachi

social media

Karachi Street Crimes

Karachi law and order situation