Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شاہ نورانی جانے والا ٹرک کھائی میں جا گرا، جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی

وزیراعظم، صدر سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کی قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس
شائع 11 اپريل 2024 03:18pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے علاقے حب میں شاہ نورانی جانے والا ٹرک کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 17 افراد کی تدفین کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک عید کے پہلے روز ویراب کے قریب کھائی میں جا گرا، حادثہ ایک موڑ پر پیش آیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گاڑی میں 120 سے زائد زائرین سوار تھے، کافی لوگ ٹرک کے نیچے پھنس گئے جنہیں پولیس اور وہاں کے علاقہ مکینوں کی جانب سے ریسکیو کیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں کم از کم 18 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوئے، مرنے والوں میں سے 14 افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔

زخمیوں کو مختلف پرائیویٹ گاڑیوں میں حب کی جانب منتقل کردیا گیا جبکہ ایدھی کی ایمبولینس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی جس نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے ٹھٹہ سے ہے جو زیارت کے لیے شاہ نورانی جا رہے تھے لیکن ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔

ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام 18 افراد مرد ہیں جبکہ پولیس کے مطابق زائرین کا تعلق سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے بتایا جاتا ہے۔

جاں بحق کی افراد کی میتیں کراچی میں ایدھی سرد خانے پہنچا دی گئیں، حادثے میں 17 جاں بحق میں سے 15 کی شناخت ہوگئی جبکہ 2 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حادثہ درگاہ شاہ نورانی سے 20 کلو میٹردور اور حب سول اسپتال سے 40 کلومیٹر کی مسافت پر 2 ٹرکوں کی ریس کی وجہ سے پیش آیا اور حب سول اسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

پولیس اسے اتفاقی حادثہ قرار دے رہی ہے جبکہ پولیس نے ڈرائیور زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ٹرک کے نیچے بھی کچھ مسافروں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور بھاری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

17 افراد کی لاشیں مکلی کے قریب گاؤں قاسم جوکھیو پہنچادی گئیں

دوسری جانب گزشتہ رات شاہ نورانی روڈ پر ہونے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 17 افراد کی میتوں کو مکلی کے قریب گاؤں قاسم جوکھیو پہنچایا گیا، میتیں جوکھیو قوم کے سردار سابق ایم پی اے جام اویس جوکھیو اپنی نگرانی میں لائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعد میتوں کی اجتماعی تدفین کی گئی۔

گاؤں قاسم جوکھیو کے 100 سے زیادہ افراد عید کے موقع پر بلوچستان میں واقع درگاہ شاہ نورانی کی زیارت پر گئے تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے 35 سے زائد زخمیوں کو کراچی سول اسپتال کے ٹراما سینٹرلایا گیا، جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ٹرک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فہرست یہ ہے جاں بحق افراد کی عمر 15 سے 55 سال کے درمیان ہے۔

(1) خرم ولدیت گل شیر عمر 30 سال

(2) دین محمد ولدیت اچار عمر 25 سال

(3) پیارو ولدیت گل ابو عمر 25 سال

(4) مشتاق ولدیت سلمان عمر 20 سال

(5) واحد ولدیت رمو عمر 30 سال

(6) اللہ پرایو ولدیت لونگ عمر 40 سال

(7) امین ولدیت لونگ عمر 28 سال

(8) محیب علی ولدیت رمضان عمر 25 سال

(9) سہراب ولدیت صاحب ڈنو عمر 22 سال

(10) گلزار ولدیت لال محمد عمر 30 سال

(11) امام دین ولدیت موسی عمر 30 سال

(12) جلال ولدیت محمد رفیق عمر 15 سال

(13) غلام نبی ولدیت اچار عمر 35 سال

(14) علی ولدیت رمو عمر 19 سال

(15) صاحب ڈنو ولدیت اللہ ڈنو عمر 55 سال

(16) نامعلوم ولدیت نامعلوم عمر 15 سال

(17) ولدیت نامعلوم ولدیت نامعلوم عمر 25 سال

ایس ڈی پی او ساکرو کی میڈیا سے گفتگو

ایس ڈی پی او ساکرو واجد علی نے ایدھی سردخانے کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مکلی کے قاسم جوکھیو گوٹھ سے 70 سے زائد افراد زیارت کے لیے نکلے تھے، زائرین سے بھرا ٹرک موڑ پر حادثے کا شکار ہوا، جاں بحق 17 میں سے 15 افراد کی شناخت کرلی گئی۔

ساکرو واجد علی نے مزید کہا کہ زخمی ٹرک ڈرائیور زیرحراست ہے۔

ایس ایچ او دریجی

ایس ایچ او دریجی عبدالواحد نے کہا کہ حادثے کا شکار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گری، لاشوں اور زخمیوں کو پرائیوٹ گاڑیوں میں اسپتال منتقل کیا جبکہ کرین کےذریعے گاڑی کو باہرنکالا جائے گا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ شاہ نورانی کے قریب ہونے والے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور نیا تھا، اسے راستے کا پتہ نہیں تھا، حادثہ اتفاقی ہوا، ڈرائیور شاہ نورانی سے زائرین کو لے کر نکلا تھا، ہلاک ہونے والے تمام افراد مرد ہیں، یہ زائرین ہر سال عید پر شاہ نورانی جاتے ہیں۔

ڈپٹی مئیر کراچی

ڈپٹی مئیر کراچی نے نورانی درگاہ کے قریب ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی میئر کراچی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو کراچی میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ڈپٹی مئیر کراچی سلمان عبداللہ مراد کا حادثے میں جاں بحق افراد کےاہلخانہ سےدلی ہمدردی کا اظہار

ڈپٹی مئیر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے درگاہ شاہ نورانی میں زائرین کی گاڑی کو حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے حب کے قریب زائرین کی گاڑی کو پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔

شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

صدر مملکت آصف زرداری

صدر آصف علی زرداری نے درگاہ شاہ نورانی میں اندوہناک ٹریفک حادثے پر دکھ اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

صدر مملکت نے شاہ نورانی حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ انہوں نے حادثے کے زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں زائرین کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ درگاہ شاہ نورانی حادثے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے ٹراما سینٹر پہنچ گئے۔

وزیر اعلی سندھ نورانی حادثے کے زخمیوں کی عیادت کے لیئے ٹراما سینٹر پہنچے جہاں ان کو سیکریٹری صحت اور کمشنر کراچی نے تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹراما سینٹر 52 زخمیوں کو لایا گیا ، جن میں سے 40 کو ڈسچارج کردیا گیا، اس وقت 12مریض ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 5 وینٹی لیٹر ہیں جبکہ 2 بچوں کو این آئی سی ایچ بھیجا گیا ہے، حادثے کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہمارے ممبر قومی اور صوبائی اسمبلی جاں بحق اور زخمیوں کے گاؤں میں موجود ہیں، ہم جاں بحق اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حب کے قریب زائرین کی گاڑی کھائی میں گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر دلی دکھ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاہ نورانی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی شاہ نورانی کے قریب روڈ حادثے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق جام غلام قادر اسپتال حب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کمشنر قلات اور ڈی سی حب کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں۔

سرفراز بگٹی نے ہدایات دی ہیں کہ زخمیوں کی منتقلی کیلئے ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے۔

وزیر اعلی بلوچستان نے سیکرٹری صحت کو شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے اور سندھ حکومت سے رابطے کی بھی ہدایت کردی۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا، اس ضمن میں سیکرٹری صحت نے ایم ایس حب کو ہدایات دے دی، معمولی زخمیوں کو جام غلام قادر ہسپتال میں طبی امداد دی جائے گی۔

بلوچستان

Hub

Truck Accident

Shah Noorani