Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’مجھے کیوں نہیں بلایا، کیا میں پاکستان سے نہیں‘ ننھے ٹک ٹاکر کا شکوے کے بعد وسیم بادامی سے رابطہ

'کیا مجھے رمضان ٹرانسمیشن میں اس لیے نہیں بلایا گیا کیونکہ میں بلوچستان سے ہوں'
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2024 10:48pm

آج کل کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ ٹک ٹاکر ابوبکر سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں، جن کی مزاحیہ ویڈیوز چند لمحوں میں ہی وائرل ہو جاتی ہیں۔

لیکن پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ان کی ایک سنجیدہ ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔

ننھے ٹک ٹاکر ابوبکر نے اپنی حالیہ پوسٹ کردہ ویڈیو میں صحافی و اینکر وسیم بادامی سے شکوہ کیا کہ انہوں نے سب سوشل میڈیا سیلیبرٹیز بچوں کو اپنی رمضان ٹرانسمیشن میں بلایا، لیکن انہیں نہیں بلایا۔

ابو بکر نے کہا کہ ’وسیم بادامی! میں آپ سے بہت ناراض ہوں، آپ نے سب بچوں کو رمضان ٹرانسمیشن میں بلایا لیکن مجھے شرکت کی دعوت نہیں دی۔ کیا میں بچہ نہیں ہوں یا مجھ میں ٹیلنٹ کی کمی ہے؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کیا میں دوسرے بچوں سے کم ہوں؟ کیا میں پاکستان سے نہیں ہوں آپ ایسے کیوں کرتے ہو؟‘

ابوبکر نے مزید کہا کہ ’کیا مجھے اس لیے رمضان ٹرانسمیشن میں اس لیے نہیں بلایا گیا کیونکہ میں بلوچستان سے ہوں، ان کا کہنا تھا کہ میری بات کا برا نہیں ماننا میں آپ سب سے پیار کرتا ہوں‘۔

ابوبکر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

ایک صارف نے وسیم بادامی سے درخواست کی کہ اس بچے کو بھی رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بنایا جائے، اس بچے کا دل نہ توڑیں وہ دل سے باتیں کرتا ہے تو کسی نے کہا کہ ابوبکر کی اس ویڈیو میں خاص پیغام دیا گیا ہے۔

جبکہ چند صارفین کا کہنا تھا کہ یہ واقعی غلط ہوا ہے، جہاں اتنے بچوں کو رمضان ٹرانسمیشن میں مدعو کیا گیا وہیں ابوبکر کو بھی شمولیت کی دعوت دی جانی چاہیے تھی۔

رکن اسمبلی کی ملاقات

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلوچستان شہدا فورم کے پیٹرن انچیف اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے ننھے ٹک ٹاکر ابوبکر عرف بابا چے سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

نوابزادہ جمال رئیسانی نے ننھے ابوبکر کا معروف اینکر پرسن وسیم بادامی سے رابطہ بھی کرایا۔

ابوبکر نے وسیم بادامی سے شکوہ کیا کہ آپ نے مجھے رمضان ٹرانسمیشن میں نہیں بلایا، جس پر وسیم بادامی نے ابوبکر کو ٹی وی پر لائیو دعوت دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں آج آپ کو ٹرانسمیشن میں لائیو دعوت دوں گا۔

وسیم بادامی نے کہا کہ اگلے سال آپ یکم رمضان المبارک سے ٹرانسمیشن کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاکر ابوبکر نے یہ ویڈیو گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر محمد شیراز کے پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد بنائی۔

شیراز کو رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بنانے کے بعد متعدد حلقوں کی جانب سے ٹی وی چینل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کہ اب بچے کی قابلیت کو بیچا جائے گا۔

واضح رہے کہ ابوبکر کے ٹک ٹاک پر فالورز کی تعداد 4 ملین سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ان کے چاہنے والے لاکھوں میں ہیں۔

ابوبکر سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے بعد اس سے پیسے بھی کما رہے ہیں اور اسی کو اپنا ذریعہ معاش بنایا ہوا ہے۔

Abu Bakar

Viral Kid

TikToker Abu Bakar