Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کا کیس: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو نوٹس جاری، جواب طلب

ایسے اور بھی کیسز ہیں، جواب آنے پر عید کے بعد سب کو سنیں گے، پشاور ہائیکورٹ
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2024 02:07pm

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے معاملے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فضل سبحان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لینے سے متعلق ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 27 مارچ کو عدالت نے ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا لیکن اسپیکر نے حلف لیا نہ حلف برادری کے لیے کوئی اقدامات اٹھائے، اس لیے اب عدالت فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہیں، جب جواب آجائے تو پھر اس کیس کو سنیں گے۔

جس پر عدالت نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت کے لیے نزدیک تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے جواب دیا کہ ایسے اور بھی کیسز ہیں، جواب آنے پر عید کے بعد سب کو سنیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کیے تھے۔

Peshawar High Court

reserved seats

Election 2024

women reserved seats