Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں سوا کروڑ روپے بینک لے جانیوالی گاڑی پر فائرنگ، 2 ہلاک

گلزار ہجری سکندر گوٹھ میں ڈاکوؤں پر پستول تاننے والا شہری فائرنگ سے جاں بحق
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2024 02:40pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی کے علاقے میٹروول میں سوا کروڑ روپے بینک لے جانیوالی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جان سے گئے، ڈاکو واردات کے بعد رقم لے کر فرار ہوگئے۔ جب کہ گلزار ہجری سکندر گوٹھ میں ڈاکوؤں پر پستول تاننے والا شہری فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق میٹروول میں فائرنگ سے جاں بحق افراد کی شناخت شیرعالم اور ذاکر کے نام سے ہوئی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد پولٹری فارم کا کام کرتے تھے، اور یہ افراد ایک کروڑ 37 لاکھ روپے لے کر بینک جارہے تھے، ڈاکو واردات کے بعد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معمول کا اسٹریٹ کرائم نہیں ہے، ممکنہ طور پر ملزمان کے پاس رقم کی معلومات تھیں۔

ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے 5 نائن ایم ایم، ٹرپل ٹو کے خول ملے ہیں۔

پولٹری فارم کے مالک سیف اللہ کا کہنا ہے کہ دو ملازمین ایک کروڑسینتیس لاکھ روپےبینک جمع کرانے جارہے تھے، راستے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دونوں افراد کو قتل کر دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے میٹروول میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ دی جائے، اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں، علاقے کی پولیس کہاں تھی، جہاں جرائم ہوتے ہیں وہاں پولیس گشت بڑھایا جائے۔

ڈاکوؤں پر پستول تاننے والا شہری فائرنگ سے جاں بحق

گلزار ہجری میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گلزار ہجری سکندر گوٹھ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 30 سالہ شجاعت نے ڈاکوؤں پر لائسنس یافتہ پستول تانی تھی۔

ملزمان کی فائرنگ شجاعت جاں بحق ہوگیا، مقتول شادی شدہ اور پک اینڈ ڈراپ کا کام کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شجاعت بیوٹی پارلر کے اسٹاف کو ڈراپ کرنے نکلا تھا۔

karachi

Karachi Police

Karachi Street Crimes