Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

داسو منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کا پاکستان کو فورس میجور نوٹس

غیر ملکیوں کی پاکستان آمد پر پابندی لگ سکتی یے، چینی کمپنی، منصوبے کی لاگت بڑھنے کا خدشہ
اپ ڈیٹ 06 اپريل 2024 09:32am
شانگلہ حملے میں پانچ چینی انجینیئرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوئے تھے۔
شانگلہ حملے میں پانچ چینی انجینیئرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوئے تھے۔

شانگلہ میں چینی انجینیئرز پر دہشت گرد حملے کے تقریبا دو ہفتے بعد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی نے پاکستان کو ’فورس میجور‘ نوٹس جاری کر دیا ہے۔

یہ نوٹس پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

فورس میجور نوٹس عام طور پر قدرتی افات کے بعد جاری کیا جاتا ہے اور اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کوئی ایسا واقعہ پیش آیا ہے جو معاہدے کے فریقین کے کنٹرول میں نہیں تھا اور اس کے نتیجے میں کام نہ ہونے یا وقت پر نہ ہونے سے متعلقہ فریق کو ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جا سکتا۔

26 مارچ کو ایک خودکش بمبار نے اسلام اباد سے داسو جانے والے چینی انجینیئرز کے کانوائے سے بارود بھری گاڑی ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں پانچ چینی انجینیئرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہو گئے تھے۔

چینی وزارت خارجہ نے اس حملے پر پاکستان سے جامع تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا اس کے علاوہ چینی باشندوں کے سیکیورٹی یقینی بنانے کے مطالبات بھی کیے گئے تھے۔

باخبر ذرائع روزنامہ بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ چینی کمپنی میسرز ہربن الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ یا ’ہائے‘ M/s Harbin Electric International Company Limited (HEI) نے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا یے کہ ”اس واقعے کی وجہ سے بین الاقوامی انٹرپرائزز نے سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ غیر ملکی افراد کے پاکستان انے سے متعلق خطرات کا جائزہ اس وقت جاری ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکیوں کے یہاں آنے پر عارضی پابندی لگ سکتی ہے۔“

چینی کمپنی کے پراجیکٹ منیجر کی جانب سے داسو کے چیف انجینیئرز کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ”حالیہ دہشت گردی کہ واقعے کی روشنی میں ہم اپ کو نوٹس جاری کر کے بتا رہے ہیں کہ اس واقعے کا پروجیکٹ پر اثر ہو سکتا ہے ہماری ٹیم اس وقت واقعے کے مضمرات کا جائزہ لے رہی ہے اور جیسا ضروری ہوا ہم آپ کو مزید اپڈیٹس مہیا کریں گے۔“

چینی کمپنی 765 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بچھا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ پہلے ہی ورلڈ بینک کی ڈیڈ لائن سے پیچھے ہے اور نئے نوٹس کی وجہ سے اس کی لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

چینی کمپنی کے نوٹس کے بعد داسو کے چیف انجینیئر نے این ٹی ڈی سی کے چیف لا افسر سے رہنمائی طلب کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چینی کمپنی کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد کام متاثر ہوا ہے جو مزید سست پڑ سکتا ہے اور معطل بھی ہو سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اگلے ہفتے چین کا دورہ کریں گے جہاں ان کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ اکنامک افیئرز ڈویژن جو ورلڈ بینک کے ساتھ معاملات دیکھتا ہے نے چینی کمپنی کا خط متعلقہ وزارتوں کو بھیج دیا ہے۔

Dasu Dam

Bisham attack

Attack on Chinese Engineers