پہلے ہی بتادیا تھا کہ یہ مذاق ہے، مکھی سے متعلق بیان پر عدنان صدیقی کی وضاحت
عدنان صدیقی کہتے ہیں کہ میرے حالیہ دیئے گئے بیان کو غلط طریقے سے لیا گیا یہ صرف ایک مذاق تھا جو پہلے ہی بتادیا تھا ۔
حال ہی میں عدنان صدیقی نے معروف میزبان ندا یاسر کے پروگرام میں شرکت کی، اس پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہا ہے جس میں اداکار خواتین اور مکھیوں کے بارے میں بات کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین غصے سے بھڑک اُٹھے ہیں اور اداکار پر تنقید کرتے ہوئے اُنہیں گھٹیا اور بیہودہ قرار دے رہے ہیں۔
آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ لوگ غلط سمجھتے ہیں تو سمجھیں کیونکہ یہ ایک مذاق میں کہی ہوئی بات ہے جو وائرل ہورہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں تک کہ مزاحیہ جملہ کہنے سے پہلے ڈس کلیمر دیا تھا کہ برا نہیں مانیں تاہم مجھے اس غیر ارادی طور پر کہے گئے جملے پر افسوس ہے ۔
دراصل ہوا کچھ یوں کہ دورانِ گفتگو عدنان صدیقی کے ہاتھ پر مکھی آکر بیٹھی جس کے بعد اداکار نے کہا کہ میں اب جو بات کہنے جا رہا ہوں، اُس کا کوئی بُرا نہ مانے۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے اُتنا ہی دور بھاگیں گی اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں جب مکھی کو پکڑنے کی کوشش کررہا تھا تو وہ بھاگ گئی تھی لیکن جیسے ہی میں خاموش ہوکر بیٹھ گیا تو مکھی میری ناک پر آکر بیٹھ گئی۔
خواتین اور مکھی کی مثال سُن کر میزبان ندا یاسر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ عدنان صدیقی مجھے وائرل کروائیں گے، میں نے ان سے ایسا کوئی سوال نہیں کیا تھا۔
Comments are closed on this story.