Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کے علاقے بفرزون میں پولیس مقابلہ ، دو مبینہ ڈاکو ہلاک

کراچی میں مزید 2 ڈاکوؤں کی عوام کے ہاتھوں درگت، دونوں ڈکیت اتحاد ٹاؤن کے رہائشی ہیں
اپ ڈیٹ 04 اپريل 2024 10:13pm

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں دن بدن بڑھتی جا رہی ہیں، ایک طرف پولیس اپنی کوشش کر رہی ہے تو دوسری جانب عوام نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت ان ڈکیتوں کو قلع قمع کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے، اگر کوئی ڈکیت عوام کے ہاتھ لگ جائے تو پولیس کے حوالے کرنے سے پہلے اس کی اچھی خاصی درگت بنائی جاتی ہے، اور اگر کسی کو موقع ملے تو وہ فائرنگ کرکے ڈکیت کو مار بھی دیتا ہے۔

کراچی کے علاقے بفرزون میں پولیس مقابلے میں دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ دونوں ڈاکوؤں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان کی شناخت فیصل عرف بونا اور ناصر ناموں سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ نواب کالونی میں ایسا ہی ایک تازہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں شہریوں نے 2 ڈکیتوں کو پکڑ کر ان کی درگت بنا دی، جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر ملزمان کو تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ڈکیت ایک شہری کو زخمی کرکے فرار ہو رہے تھے کہ شہریوں نے دبوچ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ڈکیتوں کے قبضے سے 2 پستول، ایک موٹر سائیکل اور ایک موبائل فون ملا ہے، اور ان کی شناخت سلمان اور ارشاد کے نام سے کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈکیت اتحاد ٹاؤن نیشنل چوک گلی نمبر 11 کے رہائشی ہیں، ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈکیتی میں شہری کو قتل کرنے والے ڈاکو کو پولیس نے مقابلے میں مار دیا گیاتھا، ویسٹ پولیس نے ڈکیتیوں میں ملوث 8 رکنی گینگ کو بھی گرفتار کیا ہے۔

رواں سال کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہوگئی ہے۔

آج کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے سُپرہائی وے بھی بلاک کردیا تھا، تاہم پولیس سے مذاکرات کے بعد سپر ہاٸی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

Karachi Street Crimes

Dacoits