Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، چیمبر سنبھال لیا

حکومت غلط پالیسی پرتنقید اور ان کا احتساب کریں گے, پی ٹی آئی رہنما
شائع 02 اپريل 2024 03:42pm

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ عمر ایوب نے کہا کہ حکومت غلط پالیسی پرتنقید کریں گے اوران کا احتساب کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا، صرف عمر ایوب نے درخواست جمع کرائی، اسپیکر آفس کی جانب سے بلانے پر عمر ایوب نے پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر سمیت اسپیکر قومی اسبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے نامزد امیدوار عمر ایوب کی درخواست کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔

قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا۔ اسپیکر نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا، جس کے بعد عمر ایوب قومی اسمبلی میں آزاد ارکان کے اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

عمر ایوب کے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیمبر سنبھال لیا

نومنتخب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیمبر سنبھال لیا، جس کے بعد انہوں نے دعا بھی کروائی۔

اپوزیشن چیمبر پہنچنے پر عمر ایوب کو پھول پیش کیے گئے، عمر ایوب سولہویں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ہیں۔

اپوزیشن چیمبر کا چارج سنبھالنے کے بعد پارٹی ایم این ایز نے عمر ایوب کو مبارک باد دی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے کوشاں رہیں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی میڈیا سے گفتگو

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، پارٹی چیئرمین بیرسٹرگوہر اور قیادت کا مشکور ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا اور ہماری موجودگی میں اسکروٹنی کی، اسپیکر نے باقاعدہ اسکروٹنی کے بعد مجھے اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کیا۔

عمرایوب نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں پاکستان کےعوام کی نمائندگی کررہے ہیں، فارم 45 کے تحت ہمارے 180 لوگوں کی نمائندگی بنتی ہے، لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے بیساکھیوں کے زور پر لایا گیا، پاکستان کے لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

مزید پڑھیں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئےعمر ایوب کے کاغذات جمع

بیرسٹر گوہر بلامقابلہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری منتخب

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 17 سے 85 ہو گئی، گیس کی قیمتوں میں 4 گنا اضافہ کر دیا گیا، ہم حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں پر تنقید کریں گے، حکومت کی غلط پالیسیوں کوعوام کے سامنے آشکار کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی نے کہا کہ تعمیری کردار ادا کریں گے اگر ہمیں نذرانداز کیا گیا تو دوریاں بڑھیں گی۔

Omar ayub

اسلام آباد

Omar Ayub Khan

Opposition leader

National Assembly

umar ayub

ayaz sadiq