Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ پولیس میں نئی تاریخ رقم، ایس ایس پی نے اہلکار کو تعویذ گنڈے کے الزام پر سزا دیدی

عبدالقیوم نے بدتمیزی کی، حکم نامے میں ثاقب ابراہیم کا موقف، 2 سال کی سروس ختم کردی گئی
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2024 05:13pm

سندھ پولیس میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ رونما ہوا ہے۔ ایس ایس پی آر آر ایف ثاقب ابراہیم اور اُن کے اہلِ خانہ نے اہلکار عبدالقیوم پر تعویذ گنڈے کرانے کا الزام لگایا ہے۔

ایس ایس پی ثاقب ابراہیم نے سزا کے طور پر عبدالقیوم کی دو سال کی سروس ختم کردی۔ اس حوالے سے جاری کیے جانے والے حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ عبدالقیوم نے قبرستان جاکر ایس ایس پی ثاقب ابراہیم کی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد کے نام معلوم کیے۔ یہ نام عبدالقیوم نے ایک اور اہلکار غلام مرتضٰی کو تعویذ کے لیے دیے۔

حکم نامے کے مطابق اہلکار عبدالقیوم نے غیر قانونی کام کرانے کے لیے ایس ایس پی اور ان کے اہل خانپ پر تعویذ گنڈے کرائے۔

غلام مرتضیٰ نے ڈی ایس پی کے سامنے اعتراف کیا کہ عبدالقیوم نے اسے تعویذ گنڈے کے لیے ایس ایس پی ثاقب ابراہیم اور ان کے اہل خانہ کے نام دیے۔

حکم نامے میں الزام لگایا گیا ہے کہ عبدالقیوم ایس ایس پی ثاقب ابراہیم کے خلاف غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ عبدالقیوم کو شو کاز نوٹس جاری کیے گئے لیکن اس نے اطمینان بخش جواب ہیں دیے۔ بدتمیزی کرنے پر عبدالقیوم کی دو سال کی سروس ختم کردی گئی۔

حکم نامے کے مطابق محکمہ جاتی کارروائی کے طور پر اہلکار عبدالقیوم کا تبادلہ اس کے آبائی ضلع گھوٹکی میں کیا جاسکتا ہے۔

دوسری طرف عبدالقیوم کا موقف ہے کہ میں تعویذ کو نہیں مانتا، الزامات بے بنیاد ہیں۔ میری کردار کشی کی گئی ہے اور سخت سزا دی گئی ہے۔ عبدالقیوم نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Sindh Police

TAAWEEZ

SERVICE SLASHED

SSP AND FAMILY