Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان کے ضلع دُکی میں بارش سے 5 جاں بحق، کان میں پھنسے 5 مزدور گھنٹوں بعد نکال لیے گئے

سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور، کچے مکانوں کی دیواریں گرگئیں
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2024 06:07am

بلوچستان کے ضلع دُکی میں موسلا دھار بارش سے متعدد علاقے زیرِآب آگئے۔ طوفانی بارش کی وجہ سے کمرے کی چھت گر گئی پانچ کوئلہ کان کن تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ کان کے اندر پھنس گئے۔

کان میں پھنسنے والے پانچ کان کنوں کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ریسکیو کرلیا گیا۔

دکی میں ناصر آباد کے علاقے میں مقامی کوئلہ کان میں برساتی پانی داخل ہونے کے باعث 5 کان کن کوئلہ کان کے اندر پھنس گئے۔

مائنز انسپکٹر محمد صابر کاکڑ کے مطابق شدید طوفانی بارش کی وجہ سے برساتی پانی متاثرہ کان کے اندر داخل ہوگیا ہے۔ کان ساٹھ فٹ تک پانی سے بھر چکی ہے۔

محمد صابر نے کہا کہ کان میں پھنسے ہوئے کان کنوں سے کئی گھنٹے تک کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوسکا۔ کان کی گہرائی 4100 فٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ کان میں پانی ساتھ واقع کان کی طرف سے داخل ہوا۔۔

تاہم رات گئے کان کنوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

پھنسے ہوئے کان کنوں میں رحمت اللہ ولد نورمحمد، متین اللہ ولد عبد الغفار، حمید اللہ ولد نور محمد، سلام خان اور نور محمد شامل تھے۔

وہ 12 گھنٹے تک کان میں پھنسے رہے۔

قبل ازیں دکی کے علاقے میں معراج کول میں طوفانی بارش کی وجہ سے مزدروں کے کمرے کا چھت گر گئی پانچ مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایچ او محمد شریف موسی خیل کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عنایت اللہ، ابراہیم، ولی محمد، ظفر اللہ اور صدالردین شامل ہیں۔

جاں بحق افراد میں سے تین کا تعلق موسی خیل سے ہے۔

تمام نعشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔

نو گھنٹے تک جاری رہی بارش سے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

دُکی اسپن مسجد ناصر آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کا پانی جمع ہونے سے مرکزی سڑک بند کردی گئی ہے۔

دُکی روڈ کی بندش سے ناصر آباد کی تین یونین کونسلوں کے علاوے ناناصاحب اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ملک علی محمد ناصر کے مطابق دُکی میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ متعدد علاقوں سے کچے مکانات کی دیواریں گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔

DUKKI RAIN

MANY AREAS INUNDATED

RAW WALLS COLLAPSED

PEOPLE CONFINED TO HOMES