Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

توانائی بحران کے حل کیلئے پاکستان کی مدد ترجیح ہے، امریکی محکمہ خارجہ

ایران سے پائپ لائن تعمیر نہ کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب
شائع 28 مارچ 2024 05:53am

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی مدد کرنا امریکہ کی ترجیح ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان سے معمول کی بریفنگ میں سوال کیا گیا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے سے باز رہنے کا کہا ہے اور پابندیوں کی دھمکی دی ہے جبکہ خود اپنی توانائی کی ضروریات امریکہ قطر سے بہت اچھا معاہدہ کر کے بیٹھا ہے اور ایسا لگتا ہے امریکہ نے اپنے نان نیٹو اتحادی پاکستان کو توانائی کی ضروریات کے معاملے میں کہیں نہیں چھوڑا، پاکستان اگر ایران سے گیس لائن تعمیر کرتا ہے تو امریکی پابندیاں لگیں گی اور نہیں کرتا تو ایران 18 ارب ڈالر ہرجانہ لگائے گا۔

جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد امریکہ کی ترجیح ہے، امریکا نے پاکستا ن میں4ہزار میگاواٹ توانائی کی مدد کی، امریکی منصوبوں نے پاکستان کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی منصوبوں سے پاکستانیوں کوبجلی فراہم ہورہی ہے، اسمارٹ زراعت اورتوانائی پرکام کررہے ہیں۔

تاہم میتھیو ملر نے ایران کے ہرجانے والی بات پر تبصرہ نہیں کیا۔

Mathew Miller

Pakistan US relations