Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

چارج لینے پر اندازہ ہوا کہ منسٹری میں ہر چیز بکتی ہے، چوہدری سالک حسین

پرویز الہیٰ اور ان کی فیملی سے کہا ہے کہ ہم سے نفرت کی وجہ تو بتا دیں، چوہدری سالک
شائع 24 مارچ 2024 05:47pm

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ منسٹر ی کا چارج لینے پر اندازہ ہوا کہ ادارے اندر سے کھوکھلے ہو چکے ہیں، ہر چیز منسٹری میں بکتی ہے، جائز کام بھی لوگوں نے پیسے دے کر کروانے ہیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

ق لیگ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد بہتری ہوگی، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے منسٹری تفصیلی پلان بنا رہی ہے، اوورسیز کی شکایات کیلئے اب پورٹل بنے گا تاکہ براہ راست آگاہ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کو زمین خریدنے اور بیچنے کے لیے اب خرچہ کر کے پاکستان نہیں آنا پڑے گا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پہلے سعودیہ، یو اے ای، امریکہ، انگلینڈ، اسپین کے سفارتخانوں کو نادرا کے ساتھ لنک کیا جائیگا، وہیں بائیو میٹرک ہونے پر منتقلی جائیداد کے بیان دینے کی باقاعدہ ویڈیو بھی بنے گی۔

چوہدری سالک حسین کا مزید کہنا تھا کہ اس پلان کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار دوسرے ممالک تک پھیلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاید مجھے اوورسیز پاکستانیوں کی دعاؤں سے یہ وزارت ملی، ہم منسٹری آفس گجرات میں بنانے جا رہے ہیں جس کا اوورسیز کو فائدہ ہوگا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ محسن نقوی سینیٹ کے آزاد امیدوار ہیں، ہم اور دیگر سیاسی جماعتیں انہیں سپورٹ کریں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی چوہدری پرویز الٰہی کو یہ نہیں کہا کہ عمران خان کو چھوڑ دیں، حالانکہ پرویز الٰہی اور ان کی فیملی یہی سمجھتی ہے کہ ہم جیل میں انہیں منانے کے لیے جاتے ہیں، ہم نے پرویز الہی اور ان کی فیملی سے یہی کہا ہے کہ ہم سے نفرت کی وجہ تو بتا دیں، بے شک عمران خان اور اس کی جماعت کے ساتھ اپنی محبت برقرار رکھیں۔

Chaudhry Salik Hussain

Ministry of over seas Pakistanis