Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسی ہوئی لاش ملنے کے واقعے کا دردناک انجام

لواحقین نے پوسٹ مارٹم سے منع کیا تھا، تاہم شکوک سامنے آنے پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کرایا
شائع 24 مارچ 2024 05:08pm
Sons were involved in the murder of a former police officer in Karachi - Aaj News

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ہفتے کو ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسی ہوئی لاش ملنے کے واقعے کا دردناک انجام ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق بیٹوں نے جائیداد کے تنازع پر باپ کو گلا گھونٹ کر مارا اور بعد میں لاش کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق واقعے کو حادثے کا رنگ دینے کے لیے لاش جلائی گئی۔

گزشتہ روز سولجر بازار علاقے کی گل رانا کالونی میں ایک شخص کی جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ایس پی علینا راجپر کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت سلیم انصاری کے نام سے ہوٸی تھی،جو کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار تھا۔

علینا راجپر نے بتایا کہ متوفی گھر میں اکیلا رہتا تھا، اس کے دو بیٹے ہیں جو الگ رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جس گھر سے لاش برآمد ہوئی وہ اندرسے بند تھا۔

ان کے مطابق جاں بحق شخص کا ایک بیٹا پولیس اہلکارہے اور ایک بیٹا نیچے والے پورشن میں رہائش پذیر ہے۔

واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانا سولجر بازار میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ قتل میں ملوث ایک بیٹے سلمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔

دوسرا مفرور بیٹا عمران حاضر سروس پولیس اہلکار ہے۔

پولیس کے مطابق لواحقین نے پوسٹ مارٹم سے منع کیا تھا، تاہم شکوک سامنے آنے پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کرایا اور گلا گھونٹ کر قتل کا انکشاف پوسٹمارٹم کے دوران ہی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی اہلیہ سے علیحدگی ہوچکی تھی، ایک بیٹا والد اور دوسرا والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔

Karachi Police

Police Officer Murder