Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا حکومت نے 27 ارب روپے سے زائد بیرونی قرضہ واپس کردیا

بیرونی مالیاتی اداروں کو قرضوں کی مد میں اب تک چھ قسطیں جمع ہو چکی ہیں
شائع 12 مارچ 2024 06:37pm

خیبرپختونخوا حکومت نے 27 ارب 643 کروڑ روپے قرضہ بیرونی مالیاتی اداروں کو سود سمیت واپس کردیا۔

آج نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق 2017 سے لے کر اب تک قرضوں کی واپسی کی مد میں خیبر پختونخوا چھ اقساط واپس کر چکا ہے۔ بیرونی مالیاتی اداروں سے امریکی ڈالروں کی صورت میں ملنے والے قرضوں میں سے 24 ارب 235 کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں، جس میں 6 ارب روپے سود بھی شامل ہے۔

جاپانی (ین) کی مد میں لیے جانے والے قرضوں میں 2 ارب 555 کروڑ روپے قرضہ ادا کیا جا چکا ہے، جس میں دس کروڑ روپے سود کی رقم شامل ہے۔

یورو میں ملنے والے قرضوں کی مد میں گزشتہ سال صرف سود کی مد میں 48 کروڑ 7 لاکھ ادا کیے جاچکے ہیں۔

جرمن (ڈی ایم) کی صورت میں حاصل کرنے والے قرضوں میں اب تک 4 کروڑ 8 لاکھ روپے کا قرضہ واپس کیا جا چکا ہے جس میں 40 لاکھ سود کی مد میں ادا کیا گیا۔

اسی طرح اندورنی ملک قرضوں کی مد میں 3 کروڑ 18 لاکھ روپے قرضہ واپس کردیا گیا، جس میں 32 ملین سود بھی شامل ہے۔

محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ بیرونی مالیاتی اداروں سے سود پر لیے گئے قرض کی واپسی شروع کردی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے مالی بجٹ میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے صوبے کے بجٹ میں قرضوں کی واپسی کے لئے مختص شدہ رقم سے اس کی ادائیگی جاری ہے، جس کی اگلی قسط رواں ماہ کے آخر تک دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے قرضوں کی ادائیگی وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت صوبے کے این ایف سی ایوارڈ میں کٹوتی کرکے خیبرپختونخوا کے قرضے چکا رہی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بیرونی مالیاتی اداروں کو 2017-18 میں 8 ارب روپے کا قرضہ واپس کیا، اسی طرح 2018-19 میں 9 ارب روپے قرضہ، 2019-20 میں 12 ارب روپے سے زائد قرضہ واپس ادا کر چکے ہیں، جبکہ2020-21 میں لگ بھگ 12 ارب روپے قرضہ اتارا گیا۔ 2021-22 میں 15 ارب روپے قرضہ اور مالی سال 2022-23 کے دوران 27 ارب سے زائد رضوں کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔

KPK Government

KPK Government Debt