Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں دن اچانک رات میں تبدیل، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

پاکستان ایران شاہراہ پر رواں ٹریفک کو روک دیا گیا
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 09:06pm
Normal life affected by stormy winds in Chaghi, Dalbandin - Aaj News

بلوچستان کے علاقوں چاغی اور دالبندین اور گردو نواح میں تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں کے باعث مکمل اندھیرا چھا گیا اور معمولات زندگی متاثر ہوگیا۔

تیز آندھی کے بعد دن کی روشنی انتہائی کم ہوگئی اور مکمل طور پر اندھیرا چھا گیا۔

اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان ایران شاہراہ پر رواں ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔

ادھر جھل مگسی شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

نوشکی شہر اور گردونواح میں بھی تیزہواؤں کےساتھ بارش جاری ہے موسلادھار بارش سے ندی نالے بھپر گئے ہیں۔

نصیر آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گئی جس کے بعد سردی کی شدت میں مذید اضافہ ہو گیا ہے۔

مستونگ وگرونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ قلات اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہو رہی ہیں، بولان ڈھاڈر سمیت گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

پنجگور اور مضافات میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کے باعث بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

چمن سمیت شمالی بلوچستان میں سہ پہر سے جاری بارشیں تاحل جاری ہیں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے شہری گھروں اور دکانوں میں محصور ہو گئے ہیں۔

ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی، جعفرآباد، روجھان جمالی ، محبت شاخ اور خان پور میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش کے باعث موسم خوشگوار جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے بارش کے بعد ڈیرہ اللہ یار کے مختلف گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک ہونے والی بارش سے کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔

دو روز قبل محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے جنوبی اضلاع سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

بلوچستان

Chaghi

wind storm

Dalbandin