Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد، وزیراعلیٰ کےپی کو بھی روک دیا گیا

محکمہ داخلہ نے پنجاب کی مختلف جیلوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 10:58pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

راولپنڈی میں انتظامیہ نے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ محکمہ داخلہ نے پنجاب کی مختلف جیلوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت بھی کی ہے، دہشتگردی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی اڈیالہ جیل آنے سے منع کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ، اٹک، میانوالی اور ڈی جی خان جیل کی سیکیورٹی بڑھانے کیلئے مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کردیں ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ، اٹک، میانوالی اور ڈی جی خان جیل کو سیکورٹی خدشات لاحق ہیں، لہٰذا ان جیلوں کے سیکورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے تھریٹ الرٹس سے آگاہ کیا گیا ہے، دہشتگرد گروہوں نے ان جیلوں پر ٹارگٹڈ حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔ لہٰذا بلا تاخیر اقدامات کیے جائیں۔۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اڈیالہ جیل آنے سے منع کردیا ہے اور اس حوالے سے پختونخوا حکومت کے ڈپٹی سیکرٹری جوڈیشل کو باقاعدہ خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

خط میں پنجاب حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل کا دورہ منسوخ کردیں، کیونکہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی اور پرویزالہیٰ سمیت اڈیالہ جیل میں قید دیگر قیدوں سے ملاقات پر دو ہفتے کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جیل انتظامیہ نے عدالتی احکامات پر منگل اور جمعرات کو ملاقاتوں کیلئے مختص کر رکھا تھا۔

جیل کے گیٹ نمبر 5 کے سامنے میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دوسری طرف لاہور میں انسداد دہشتگری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی آنت میں تکلیف تھی، سپریٹنڈنٹ جیل کو ہمیں بتانا چاہیے تھا کہ ہم اپنے ڈاکٹرز ارینج کرتے۔ جب کہ سپریٹنڈنٹ جیل کہتے ہیں کہ ہمیں اوپر سے اجازت لینا پڑتی ہے۔

علیمہ خان نے بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی ٹھیک ہیں۔

ڈیل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کی بہن نے کہا کہ ڈیل کا مطلب ہے چپ رہیں۔

pti

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail