Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں بے لگام ڈاکوؤں نے ایک اور ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا، 4 بچوں کا باپ قتل

مزاحمت نہیں کی پھر بھی ڈاکوؤں نے فرار ہوتے وقت فائرنگ کی، زخمی شہری
شائع 07 مارچ 2024 04:55pm
Bandits became rampant in Karachi - Aaj News

کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، مقتول فیاض 4 بچوں کا باپ تھا اور کورنگی سیکٹر 50 سی میو کالونی کا رہائشی تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ویٹا چورنگی کے قریب ملزمان نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

یاد رہے کہ دو روز پہلے ہی کورنگی میں ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان طالب علم لاریب کو قتل کیا تھا۔

مقتول کی شناخت محمد فیاض اور زخمی کی شناخت فواد بخش کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، مقتول اور زخمی دونوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول فیاض واقعے کے وقت فیکٹری ملازم فواد بخش کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا، ڈاکوؤں نے ویٹا چورنگی کے قریب انہیں روک کر لوٹ مار کی اور فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق زخمی فواد بخش نے بتایا کہ مقتول اور اس نے مزاحمت نہیں کی، ڈاکوؤں نے فرار ہوتے وقت فائرنگ کی۔

مقتول فیاض کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمی فواد بخش کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

لواحقین نے بتایا کہ مقتول فیاض کے 4 بچے ہیں، جو کورنگی سیکٹر 50 سی میو کالونی کا رہائشی تھا، فیاض 7 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔

karachi

Karachi Street Crimes

Street Criminals