Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی : بچوں کے ساتھ خود سوزی، والد دم توڑ گیا، 3 بچے جھلس کر زخمی

جھلسنے والے بچوں کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2024 11:10am
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

شہر قائد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نیو کراچی فائیو سی فور گراؤنڈ میں باپ نے تین بچوں کے ساتھ خود کو آگ لگا لی، والد سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دم توڑ گیا جب کہ جھلس کر زخمی ہونے والے بچے زیر علاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عارف نامی شخص نے بچوں کو گھر کے قریب گراؤنڈ میں لے جا کر خود سوزی کی کوشش کی۔

آگ سے جھلس کر باپ اور تین بچے شدید زخمی ہوئے جنھیں سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا گیا۔

جھلس کر شدید زخمی ہونے والا بچوں کا والد عارف سول برنس وارڈ میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھلسنے والے بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

بچوں میں تین سالہ غلام حسین ، پانچ سالہ حوریہ اور چار سالہ ایمان فاطمہ شامل ہیں۔

انتہائی قدم اٹھانے والا شہری عارف فروٹ کا ٹھیلا لگاتا ہے۔

سوتیلا بیٹا

عارف کے سوتیلے بیٹے امان کا کہنا ہے کہ جھلسنے والے بچوں کی والدہ کا 8 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا، تینوں بچے اور سوتیلا والد عارف ہمارے ساتھ ہی رہتے تھے۔

امان نے مزید بتایا کہ گھرمیں کھانا کھانے کے بعد وہ بچوں کو لیکر نیچے اترے، والد نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا، ہمیں نہیں معلوم۔

ساس کا مؤقف

ساس نے بتایا کہ عارف بچوں کو لیکر گھر سے نکلے ہمیں کہا باہر جا رہا ہوں ، پھر ہم نے دیکھا کہ گراؤنڈ میں جاکر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، ہم پیچھے بھاگ کر گئے۔ پھر محلے والے بھی جمع ہوگئے، اور پھر انھیں اسپتال منتقل کیا۔

خاتون نے مزید بتایا کہ عارف کی طعبیت بھی خراب رہتی تھی، کسی مولوی سے علاج کروا رہے تھے۔

یاد رہے کہ کراچی میں 23 جنوری کو بھی وائر لیس گیٹ کے پاس اسی طرح کا دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، جہاں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں فلک ناز اپارٹمنٹ کے رہائشی احسن رضا رضوی نے تین بچوں جبرائیل ، میکائیل اور بچی امہ ہانی اور اہلیہ ندا رضوی کی جان لے لی تھی۔

آپ تنہا نہیں، مدد دستیاب ہے

ذہنی دباؤ اور پریشانی آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت عام ہے۔ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہر انسان کو سہارے، اچھے مشورے اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ براہ کرم آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔

  • اگر آپ اداس محسوس کر رہے ہیں۔ آپ تنگ ماحول میں کام کرنے کی وجہ سے تناؤ محسوس کر رہے ہیں۔

  • کسی بھی بیماری کی وجہ سے پریشانی محسوس کر رہے ہیں یا حال میں آپ کوئی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

  • آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو کونسلنگ لینے کا مشورہ دیا ہے، آپ محسوس کر رہے ہیں کہ آپ کیفیت کو کوئی نہیں سمجھ رہا ہے۔

آپ درج ذیل ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان سے بات کرسکتے ہیں۔

  • مائنڈ آرگنائزیشن: 35761999 042

  • امنگ: 4288665 0317

  • ٹاک ٹومی ڈاٹ پی کے: 4065139 0333

  • بات کرو: 5743344 0335

  • تسکین: 5267936 0332

  • روح: 3337664 0333

  • روزن: 22444 0800

  • اوپن کونسلنگ 35761999 042

یہاں یہ بات اہم ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔ اگر آپ کا کوئی جاننے والا فرد خودکشی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا کسی بھی طرح کی علامات ظاہر کرتا ہے، تو براہ کرم درج ذیل ہدایات پرلازمی عمل کریں۔

  • اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

  • ایسی چیزوں کو اِن کے پاس سے ہٹا دیں جس سے وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

  • ایسے فرد کو طبی یا ذہنی صحت کے ماہر سے مدد لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔

karachi

Karachi Police

Suicide Attempt

Pakistan Inflation