Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

گوادر میں موسلادھار بارش سے تباہی، مکانات منہدم

گوادر اولڈ سٹی، سربندر، شیکان میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا
اپ ڈیٹ 27 فروری 2024 10:32pm
Flood situation in Gawadar - Rain latest update - Aaj News

گوادر شہر سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 7 مکانات گر چکے ہیں۔ سینیٹرکہدہ بابر نے گوادر کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتظامیہ گوادر کے عوام کی مدد کیلئے فوری اقدامات کرے۔

گوادر میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ موسلا دھار بارش سے متعدد دیہات اور دکانیں ڈوب گئیں۔

کوسٹل ہائی وے پر پانی اوورفلو ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

گوادر اولڈ سٹی، سربندر، شیکان، میں پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد رہائشی افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔

موسلادھار بارش سے متعدد گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔

ڈی سی گوادر

ڈی سی گوادر کے مطابق گوادر میں موسلادھار بارش میں کچھ دیر کا وقفہ آیا۔ گوادر کی اندرونی شاہراہیں بارش سے متاثر ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تربت اور کراچی سے گوادر کا رابطہ بحال ہے، 7 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے ،جب کہ بڑی تعداد میں گھر جزوی طور پر متاثر ہوئے۔

وزیر اعلیٰ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مربوط کارروائیوں کی ہدایت

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گوادر اور گرد و نواح میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ گوادر میں مسلسل بارشوں سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں کو مطلوبہ مشینری فراہم کر دی گئی ہے۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ زیر آب علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، سطح آب کم ہونے پر رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے بلا تاخیر اقدامات اٹھائے جائیں۔

بلاول بھٹو کا گوادر میں بارش کے بعد سنگین صورتحال پر اظہار تشویش

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گوادر میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، شہر ہنگامی امدادی اقدامات کا متقاضی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ گوادر میں گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوچکا ہے، گوادر میں عوام نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جیالے مصیبت میں پھنسے گوادر کے عوام کی مدد کریں، انتظامیہ گوادر کے عوام کی مدد کیلئے فوری اقدامات کرے۔

گوادر کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے، سینیٹر کہدہ بابر

سینیٹرکہدہ بابر کا کہنا ہے کہ پورا گوادر شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے، گوادر کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر میں بارشوں سے اب تک 7 مکانات گر چکے ہیں، بارشوں نے تباہی مچادی ہے، لوگوں کا اربوں کا نقصان ہوا ہے۔

گوادر میں صورتحال سنگین

نومنتخب رکن اسمبلی و حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے ایک بیان میں کہا کہ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گوادر میں صورتحال سنگین ہے، گھروں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں اربوں روپے لگائے، نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے بارش کا پانی باہر جانے کی بجائے گھروں میں داخل ہوگیا۔

مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ اربوں روپے کے اخراجات رحمت کی بجائے لوگوں کے لیے زحمت بن گئے، حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلہ اور رضاکار لوگوں کی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔

بلوچستان

Met Office

Rain

Heavy Snowfall