Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلم اقبال کو گرفتار کرنے کی کوشش کیخلاف درخواست پر آئی جی خیبرپختونخوا سے جواب طلب

پنجاب پولیس کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں اسلم اقبال کو گرفتار کرنے کی کوشش کے...
شائع 23 فروری 2024 02:23pm

پنجاب پولیس کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں اسلم اقبال کو گرفتار کرنے کی کوشش کے خلاف درخواست پر عدالت نے آئی جی خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کی کوشش کے خلاف توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست میں مؤقف اپنا گیا کہ راہدری ضمانت کے بعد پنجاب پولیس نے میاں اسلم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 6 مارچ تک راہداری ضمانت دی، ہائی کورٹ سے نکلے تو پنجاب پولیس نے پیچھا کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میاں اسلم اب بھی یہاں ہیں اور پنجاب اسمبلی اجلاس کے لیے بھی نہیں جاسکتے، ضمانت کے بعد آئی جی کو آگاہ کیا کہ گرفتار نہ کیا جائے۔

جس پر جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ آئی جی کی بھی قانونی ذمہ داریاں ہے، آئی جی نے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی، یہاں پنجاب پولیس نے تماشا بنایا ہے، ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں پولیس جانے کے لیے قانونی طریقہ کار ہے، اگر قانون پر عمل نہیں ہوگا تو پھر تو جنگل کا قانون ہوگا۔

جسٹس شکیل احمد نے خبردار کیا کہ پنجاب پولیس بغیر اجازت گرفتاری کے لئے آئے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، آئی جی ان پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کریں۔

عدالت نے آئی جی خیبرپختونخوا،پنچاب، سیکرٹری ہوم کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 14 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔

بعدازاں عدالت نے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 21 فروری کو پشاور ہائیکورٹ نے میاں اسلم اقبال کی جانب سے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس میں 2 ہفتے کے لیے ان کی راہداری ضمانت منظور کرلی تھی۔

pti

Peshawar High Court

Mian Aslam Iqbal

ig kpk