Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کا حتمی نتیجہ روک دیا

الیکشن کمیشن نے این اے 46، 47 اور 48 کا نتیجہ روکا
اپ ڈیٹ 11 فروری 2024 08:30pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں میں ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے، ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 46 اسلام کے آر او کو نتیجے کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ اس حلقے سے آزاد امیدوار راؤ مسعود نے فارم 47 کو چیلنج کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے مزید دو حلقوں این اے 47 اور 48 کے نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی مذکورہ تینوں نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

Islamabad Election Results

ECP Hold Results