’کُچھ اور ہی بنا دیتے‘ ، رابی پیرزادہ نے راحت فتح علی خان کو کیا کہہ دیا؟
مشہور گلوکار راحت فتح علی خان سے متعلق سابقہ گلوکارہ اور یوٹیوبر رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان سے غلطی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں مشہور گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کی ایک وائرل ویڈیو کا کافی چرچہ ہے، اگرچہ اس حوالے سے باقاعدہ طور پر گلوکار کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم انڈسٹری کے دیگر ساتھی اور شخصیات بھی اب اس پر تبصرہ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے یوٹیوب چینل پر اس واقعے سے متعلق اظہار خیال کییے ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انہوں نے کُھل کر تبصرہ کیا۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ چونکہ میرا تعلق میوزک انڈسٹری سے رہا ہے، بطور سابقہ گلوکارہ کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے۔ میرے ضمیر نے مجھے کہا کہ مجھے اس حوالے سے بات کرنی چاہیے۔
سابقہ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ یہ جو بڑے گلوکار ہیں، ان لوگوں نے اس طرح کے لوگ رکھے ہوتے ہیں یہ بنا تنخواہوں کے کام کرتے ہیں جبکہ انہیں کہا جاتا ہے کہ ہم تمہیں کام سکھائیں گے، انہیں شاگرد بنا کر اپنے گھروں کے کام کراتے ہیں، جبکہ انہیں پیسے بھی نہیں دیتے۔
یوٹیوبر نے مزید انکشاف کیے کہ جب بڑے گلوکار میوزیشنز کو اپنے ساتھ بیرون ملک کسی کنسرٹ لے کر جاتے ہیں تو انہیں کم پیسے دیتے ہیں، جبکہ کم مواقع ہونے کی وجہ سے وہ کچھ بول نہیں پاتے۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ اگر ان گلوکاروں کو کروڑوں روپے ملتے ہیں تو ان میوزیشنز کو چند ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ 20 ہزار روپے دیے جاتے ہیں، جبکہ رابی نے اسے میوزیشنز کے ساتھ زیادتی قرار دے دیا۔
دوسری جانب میوزیشنز کے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے متعلق سابقہ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میوزشنز کے ساتھ بد تہذیبی اور بد کلامی ہوتی ہے، یہ تو صرف ایک واقعہ ہے، مجھے ان واقعات سے بے حد تکلیف ہوتی ہے۔
جبکہ نور جہاں کا تذکرہ کرتے ہوئے رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ جب میڈم نور جہاں کا انتقال ہوا تو ان کی ٹیم کا حصہ رہنے والے میوزشنز کا کہنا تھا کہ آج ہم یتیم ہو گئے ہیں۔ کیونکہ وہ ان سب کا اور ان کے گھروں کا خیال رکھتی تھیں۔ ساتھ ہی سابقہ گلوکارہ نے دیہاڑی دار گلوکاروں کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دیہاڑی دار گلوکار مزدوری کی طرح گانا گاتے ہیں، یہ اپنے میوزیشنز کا غلط استعمال کرتے ہیں، حالانکہ میوزیشنز انتہائی شریف ہوتے ہیں۔
مشہور گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے شاگرد کے ساتھ پیش آئے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے رابی کا کہنا تھا کہ جب میں نے یہ سُنا کہ یہ ان کا شاگرد ہے، سب سے پہلی بات یہ سمجھ آئی کہ یہ اسے تنخواہ نہیں دیتا ہے، اپنے گھر کے سارے کام کرواتے ہیں۔
میرا خیال ہے کہ مسلمان ہونے سے پہلے ہم انسان ہیں، آپ کو کیا لگتا ہے کہ ایسے انسان کو جو آپ کے لیے اتنی محنت و مشقت کر رہا ہے اسے پیار سے رکھنا چاہیے، اسے پیسے دینے چاہیے۔
بوتل سے متعلق رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ میں شراب کا ذکر نہیں کر رہی، اُس پر بھی مجھے اعتراض یہ ہوا کہ آپ ایک دم سے شراب سے اس کو دم والے پانی پر لے آئے، آپ اسے کچھ اور ہی بتا دیتے۔
مزید کہنا تھا کہ غلطیاں ہر انسان سے ہوتی ہیں راحت بھائی، مجھے سے بھی غلطیاں ہوئیں۔ لیکن آپ کی معافی والی ویڈیو میں آپ نے ان پر الزام عائد کیا کہ میری مزید مارنے پیٹنے والی ویڈیوز آ رہی ہیں، کیونکہ یہ میرے خلاف پراپیگنڈہ ہے۔ پراپیگنڈہ اسی وقت ہوا نا جب ہم سے کوئی غلطی ہوئی۔
رابی پیرزادہ نے معافی سے متعلق کہا کہ آپ عوام سے معافی نہ مانگیں، عوام بہت ظالم ہے۔ معافی مانگنی ہے تو سپر پاور اپنے اللہ سے مانگیں۔ اللہ اس سے بے حد پیار کرتا ہے جو اپنی اصلاح کرے۔
Comments are closed on this story.