Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے وادی کے حسن کو چار چاند لگ گئے

مری، لوئر دیر، غذر، اپر چترال اور کشمیر میں پہاڑ برف سے ڈھک گئے
اپ ڈیٹ 29 جنوری 2024 09:12pm
Swat Valley become beautiful due to snowfall - Aaj News

ملک میں موسم کے مختلف رنگ ہیں، کہیں بارش تو کہیں برفباری ہورہی ہے۔ مری میں دلفریب مناظر ہیں۔ مالم جبہ اور کالام میں چار سو پھیلی برف سے وادی کے حسن کو چار چاند لگ گئے۔ لوئر دیر، غذر، اپر چترال اور کشمیر میں پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔

وادی سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے وادی کے حسن کو چار چاند لگ گئے۔ برفباری کا لطف اٹھانے کیلئے سیاح پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

سوات کے حسین سیاحتی مقام مالم جبہ میں طویل خشک سالی کے بعد برفباری کا آغاز ہوا۔ برفباری سے مالم جبہ کی چوٹی نے سر پر برف کی سفید چادر اڑھ لی۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہاں آکر بہت مزہ آرہا ہے، برف نے وادی کی خوبصورتی کو بڑھا دیا ہے۔

مالم جبہ کے علاوہ وادی کالام میں بھی برفباری جاری ہے جس سے وادی کا حسن مزید نکھر گیا، ملک بھر سے سیاح پہنچ گئے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ بڑا سفر کرکے یہاں کے خوبصورت نظارے دیکھنے پہنچیں ہیں۔

یاد رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے برفباری میں وقفہ آیا جس سے لوگو کا کاروبار متاثرہوا لیکن اب کافی دنوں بعد برفباری سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ جب کہ پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش بھی ہوئی۔

اس کے علاوہ اسکردو میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی، جس کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ہر سو برف کی چاندنی پھیلی ہوئی ہے۔

اسکردو میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے خشک سالی کے خاتمے کی نوید سنادی۔ طویل اور غیر متوقع خشک موسم کی وجہ سے وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے تھےاور سیاحت بھی متاثر ہورہی تھی۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب آسمان سے گرتی سفید پتیوں نے پہاڑوں کو برفانی لبادہ اوڑھا دیا تاہم برفباری سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں کھرمنگ، شگر، گلتری اور شغرتھنگ کے زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔

دوسری جانب باغ آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ جس سے باغ تا لسڈنہ محمود گلی فاروڈ کہوٹہ روڈ پر ٹریفک معطل ہوئی۔ اس کے علاوہ باغ تا حاجی پیر بھیڈی روڈ اور باغ تا سدھن گلی چکار روڈ پر بھی برفباری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوئی۔ اور مسافروں کو شدید سفری مشکلات کاسامنا رہا۔

محکمہ شاہرات نے سڑکیں کھلوانے کیلئے اقدامات شروع کیے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنجمنٹ باغ کی طرف سے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات بھی کردی گئیں۔

سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

30 اور 31 جنوری کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لئے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، خطہ پوٹھوہار ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش دیر اپر میں 32 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

برفباری کی بات کی جائے تو مالم جبہ 12 انچ، کالام 11، استور اور مری میں 01 انچ برفباری بھی ریکارڈ ہوئی۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں کالام منفی 06، مالم جبہ، گوپس منفی 04 ، استور اور ہنزہ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Cold Weather

Met Office

Rain

snowfall