Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: 3 تلوار پر پی ٹی آئی کارکنوں سے جھڑپ میں ایس ایچ او زخمی، 10 افراد زیر حراست

لاہور، پشاور اور اوکاڑہ میں بھی جھڑپیں
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2024 10:38pm
فوٹو۔۔ اسکرین گریب / ٹوئٹر کراچی پولیس
فوٹو۔۔ اسکرین گریب / ٹوئٹر کراچی پولیس
فوٹو۔۔ ٹوئٹر / پی ٹی آئی آفیشل
فوٹو۔۔ ٹوئٹر / پی ٹی آئی آفیشل

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر مختلف شہروں میں پارٹی نے ریلیاں نکالیں۔ بغیر اجازت ریلیاں نکالنے پر ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔ کراچی میں 3 تلوار پر پی ٹی آئی کارکنوں سے جھڑپ میں ایس ایچ او زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پی ٹی آئی کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے انتخابی ریلی میں کارکنوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔

مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سڑکیں بند کرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد کارکن منتشر ہوئے۔

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان 3 تلوار سے متصل سڑک پر پہنچے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔

ریلی میں شرکت کرنے والے کارکنان میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی الرٹ رہی۔ پولیس نے کہا کہ سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

تاہم اس موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ اور پولیس نے تین تلوار پر دفعہ144کی خلاف ورزی پر 10افراد کو حراست میں لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر پولیس نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریلی کے موقع پر کچھ افراد نے ڈنڈے اٹھا رکھے ہیں۔

ویڈیو میں ڈنڈا بردار افراد کو پولیس کو ڈنڈے مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کی ریلی میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی کو بہترین علاج معالجہ کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیاگیا۔

دوسری طرف پی ٹی آئی نے ”ایکس“ پر ویڈیو شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ پولیس نے انتخابی ریلی کرنے والے کارکنوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پی ٹی آئی نے ”ایکس“ پر ایک اور ویڈیو شیئر کی، جس میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار لاٹھیاں اٹھائے ہوئے ہیں، جبکہ کچھ موٹر سائیکلیں اور پارٹی پرچم زمین پر پڑے نظر آرہے ہیں۔

لاہور اور پشاور میں ریلیاں

لاہور میں بھی بغیر اجازت ریلی نکالنے پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔

پشاور کے کبوتر چوک پر بھی تحریک انصاف کارکنوں کو سڑک بند کرنے پر دھر لیا گیا۔

اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کی گرفتاریاں

اوکاڑہ می پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ ایم اے جنا ح روڈ پر پولیس نے چھاپہ مارا اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

آزاد امیدوار راؤ حسن سکندر کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک بھر میں پاور شوز منعقد کرنے کی ہدایات بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے آئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے کراچی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران پرامن لوگوں کو گرفتار کیا۔ یہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے مناظر ہیں۔

pti

karachi

protest

Karachi Police