پی ٹی آئی کا پلان ڈی کیا ہے، سوشل میڈیا ماہرین کی گفتگو
سوشل میڈیا ماہرین نے پی ٹی آئی کے ایک ممکنہ پلان ڈی کے بارے میں آج نیوز پر گفتگو کی ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق سوشل میڈیا کارکن فرحان ورک نے دعویٰ کیا کہ پلان ڈی کے تحت پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ کرسکتی ہے۔
فرحان ورک، میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کے اسد بیگ اور سوشل میڈیا ماہر فریحہ عزیز نے آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ پر گفتگو کی۔
فرحان ورک کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے پلان بی اور سی کے بارے میں خبریں آچکی ہیں، میں 99.99 فیصد گارنٹی کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ 8 فروری کے آس پاس پلان ڈی آجائے گا جس کے تحت پی ٹی آئی کے تمام امیدواربائیکاٹ کا اعلان کردیں گے۔
فرحان ورک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایسا کوئی الیکشن نہیں لڑے گی جس میں عمران خان نہ ہوں۔
میزبان عاصمہ شیرازی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں آپ کے شو پر بول رہا ہوں کہ انتخابات سے دو تین دن پہلے پی ٹی آئی بائیکاٹ کر دے گی۔
فرحان ورک کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے۔
میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی سے تعلق رکھنے والے اسد بیگ کا کہنا تھا کہ فیک نیوز ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں الیکشن ہو چکے ہیں، وہاں کی کیس اسٹڈی ہمارے سامنے ہے۔
اسد بیگ نے کہاکہ بنگلہ دیش میں امریکی نیوز چینل کی ایک ڈیپ فیک خبر پھیلائی گئی کہ امریکہ بنگلہ دیش میں مظاہروں کی فنڈنگ کر رہا ہے اور یہ جعلی خبر آگ کی طرح پھیل گئی۔
اسد بیگ نے کہاکہ امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے ڈیپ فیک کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پورا ایک سیل بنایا ہے، وہاں پر بائیڈن کی آواز میں جعلی کالز گئی ہیں جن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ آپ نے ووٹ نہیں کرنا۔
اسد بیگ نے کہاکہ کسی بھی بیانے کو تبدیل کرنے کا واحد طریقہ جوابی بیانیہ ہے۔
بیگ کا کہنا تھا کہ مس انفارمیشن پھیلانے والوں کو پکڑنا ممکن نہیں لیکن بہتر طریقہ یہ ہے کہ جوابی بیانیہ بنایا جائے جس سے کوئی بیانیہ غیر موثر ہو سکتا ہے۔
Comments are closed on this story.