Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میٹرک کا طالبعلم جاں بحق، اہلخانہ سراپا احتجاج

دوسرے واقعے میں اتحاد ٹاؤن میں لڑائی کے دوران 2 سگے بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
شائع 15 جنوری 2024 06:06pm
کراچی : مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میٹرک کا طالبعلم جاں بحق، اہل خانہ کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔ فوٹو۔۔ آج نیوز۔ محمد رضا
کراچی : مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میٹرک کا طالبعلم جاں بحق، اہل خانہ کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔ فوٹو۔۔ آج نیوز۔ محمد رضا

کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دسویں جماعت کے طالب علم کے قتل کے خلاف اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے اور بلدیہ حب ریور روڈ پر احتجاج کیا۔ دوسری طرف گزشتہ روز اتحاد ٹاؤن میں لڑائی کے دوران 2 سگے بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزم منصور کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور زندگی کا چراغ گل کردیا، مواچھ گوٹھ بسمہ اللہ کالونی میں ملزمان کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان مزمل گولیوں کا نشانہ بنا۔ مقتول پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔

مقتول کی نمازجنازہ مواچھ گوٹھ کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد ورثاء نے میت کو بلدیہ حب ریور روڈ پر رکھ کر مظاہرہ کیا۔

احتجاج کے باعث بلوچستان سے کراچی کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او ماڑی پور آصف منور اور ایس ایچ او موچکو عدنان موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

پولیس افسران نے نوجوان کے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کراتے ہے کہا کہ مواچھ گوٹھ میں تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے پولیس کو گشت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد حب ریور روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔

دو سگے بھائیوں کا قتل، ملزم گرفتار

گزشتہ روز کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں لڑائی کے دوران دو سگے بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزم منصورکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑائی جھگڑے کا واقعہ معمولی تلخ کلامی پر پیش آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران گرفتار ملزم منصور اور شفیع نے فائرنگ کی تھی جس سے 2 بھائی حسین اور فاروق جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعہ کا مقدمہ مقتولین کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمےمیں منصور، شفیع، علی زمان، عمران اور ایک نامعلوم ملزم نامزد ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد دیگر 4 ملزمان کی گرفتاری کے لئےچھاپے مارے جارہے ہیں۔

karachi

Karachi Police

Street Crimes