Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کیخلاف پشاورہائیکورٹ میں دائردرخواست بھی واپس لے لی

سپریم کورٹ کے فیصلےکے بعد توہین عدالت کیس غیرموثرہوچکا ہے۔ قانونی ماہرین
شائع 15 جنوری 2024 12:50pm

پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے بعد پشاور ہائیکورٹ سے بھی الیکشن کمیشن کیخلاف دائر توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست واپس لے لی۔

قانونی ماہرین کا کہناہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلےکے بعد توہین عدالت کیس غیرموثرہوچکا ہے۔

پشاورہائیکورٹ کی جانب سے اس کی اگلی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی نے 11 جنوری کو انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے کی بحالی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے پرالیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکی تھی۔

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

پشاورہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا۔

پی ٹی آئی نے استدعا کی تھی کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فریقین پی ٹی آئی کے عام انتخابات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

توہین عدالت کی درخواست میں چیف الیکشن کمینشر، سیکرٹری اور ممبران الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج سپریم کورٹ میں بھی الیکشن کمیشن کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لی گئی ہے۔

pti

Peshawar High Court

Election Commission of Pakistan (ECP)