پی ٹی آئی نے جعلی ٹکٹ جمع کرائے، نظریاتی گروپ سربراہ کی پریس کانفرنس
پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے انکار کردیا اور کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کی جانب سے ہمارا ٹکٹ جمع کروانا حیران کن ہے، کوئی امیدوار دوسری پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کرسکتا، معاملے کی تحقیقات کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
لاہور پیرس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ میں نے اپنی جماعت کو وہی ٹکٹ جاری کیے جو 2018 میں کیے تھے، پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان بلے باز ہے۔
اختر اقبال ڈار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر جعلسازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے آر اوز کو جعلی ٹکٹ جمع کروائے ہیں، میرے لیے یہ بات حیران کن تھی، پی ٹی آئی امیدوار ہمارے ٹکٹ لے کر چل رہے ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کی ٹکٹس کہاں سے لیں؟ میرے ٹکٹ پر بلے باز کا نشان واضح ہے۔
اختراقبال ڈار نے کہا کہ کوئی امیدوار کسی دوسری پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کرسکتا، ہمارا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے، الیکشن کمیشن تحقیقات کروائے۔
تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی دھونس اور دھاندلی کے خلاف بات کرتی تھی اس لئے ان میں شامل ہو گیا، کچھ عرصے میں پتہ چلا کہ تحریک انصاف میں شفافیت کی کوئی جگہ نہیں اس لیے 2007 میں پی ٹی آئی نظریاتی کی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا، ان لوگوں نے ملک کے حالات خراب کر دیے ہیں، ہر بندہ پاکستان سے ہجرت کرنا چاہتا ہے، جب تک جزا اور سزا کے عمل کو لیکر آگے نہیں بڑھیں گے یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں بھی ہم نے یہی ٹکٹ جاری کیے تھے، پشاور، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ہماری جانب سے 150 ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں، جو کچھ دیر میں آر اوز کو جمع کروا دیے جائیں گے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے پلان بی کے تحت اس کے امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ فراہم کرنے والی پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے ہنگامی پریس کانفرنس کا فیصلہ کیا تھا۔
لاہور پریس کلب کی جانب سے ہفتہ کی شام اعلان کیا گیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار ایک اہم ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ انتخابات میں اپنی پارٹی کے لائحہ عمل سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
پی ٹی آئی نے پلان بی کے تحت اپنے امیداروں کو اپنے الیکشن ٹکٹ کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ بھی دلوائے تھے جو اختر اقبال ڈار کے دستخط سے جاری ہوئے۔ ہفتہ کی سہ پہر پی ٹی آئی نے اپنے امیداروں کو حکم دیا کہ وہ نظریاتی گروپ کے ٹکٹ جمع کرا دیں۔
اس کے جواب میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ کسی بھی امیدوار کو اس پارٹی کا ٹکٹ جاری نہ کریں جس پارٹی کا وہ امیدوار رکن نہ ہوا۔
اختر اقبال ڈار کی پریس کانفرنس کا اعلان اس کے کچھ دیر بعد سامنے آیا۔
پی ٹی آئی کا پلان بی سامنے آنے کے بعد اختر اقبال ڈار کی کچھ پرانی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جن میں وہ عمران خان پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیوز نیوز نے اختر اقبال ڈار سے منسوب ایک بیان بھی جاری کیا جس میں اختر اقبال ڈار نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تمام قیادت کرپٹ ہے البتہ عمران خان کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
امیداروں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا وقت ہفتہ کی شام 7 بجے تک تھا جو ختم ہوگیا۔
Comments are closed on this story.