Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

استعفیٰ منظور، مظاہر نقوی سپریم کورٹ کے جج نہیں رہے لیکن مراعات ہوں گی

صدر مملکت نے جسٹس مظاہر نقوی کا استعفیٰ آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت منظور کیا۔
اپ ڈیٹ 11 جنوری 2024 03:41pm
Justice Syed Mazahar Ali Akbar Naqvi’s resignation accepted - Aaj News

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، جس کے بعد اب مظاہر علی اکبر نقوی سپریم کورٹ کے جج نہیں رہے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ تحریری طور پر صدر کو بھجوایا تھا۔

انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ عوامی معلومات اور کسی حد تک عوامی ریکارڈ کا معاملہ ہونے کی وجہ سے ایسے حالات میں میرے لیے اب سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔

مستعفی ہونے کے باعث مظاہر علی اکبر نقوی جج کی مراعات کے حقدار رہیں گے۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جسٹس مظاہر نقوی کا استعفیٰ آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت منظور کیا۔

وزارت قانون و انصاف نے استعفیٰ منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اثاثوں کی چھان بین کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سابق جج مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ استعفے کی منظوری کافی نہیں ہوگی، اثاثوں کی چھان بین سیاستدانوں کی طرح جج اور ان کی آل اولاد سب کی ہونی چاہیے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ترازو پکڑنے والے کا حساب آخرت میں تو اللہ کی صوابدید ہے مگر دنیا میں نہیں کریں گے تو ہم سب برابر کے گناہگار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے مظاہر نقوی نے غلطی سے استعفے پر 10 جنوری 2024 کی جگہ 10 جنوری 2023 لکھ دیا، ویسے ان کا استعفیٰ 2023 کو ہی بنتا تھا، الزامات دیکھتے ہوئے کوئی بھی معزز اور محترم جج اس طرح ایک سال عہدے پر کھجل نہیں ہوتا۔

resignation

President Arif Alvi

justice mazahir ali akbar naqvi