Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور: سابق نیول وار کالج کو کمشنر آفس بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا رات گئے سابق نیول وار کالج کا دورہ
شائع 10 جنوری 2024 09:09am

لاہور کے جی او آر میں سابق نیول وار کالج کی جگہ کمشنر لاہور کا آفس بنے گا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر آفس کو سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سابق نیول وار کالج کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے نئے کمشنر آفس کیلئے مختص بلڈنگ کا معائنہ کیا، پوری عمارت کا وزٹ کیا اور بلڈنگ کے کمروں، صحن، مسجد اور چھت کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے کمشنر آفس کی تزئین وآرائش کا کام معیار اور رفتار کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے لئے 14 روز کی ڈیڈلائن دے دی۔

کمشنر آفس کے تمام دفاتر جی او آر کی بلڈنگ میں منتقل کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ کمشنر آفس بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

mohsin naqvi

Commissioner Lahore Office