Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پیپلز پارٹی کی ٹکٹوں کی تقسیم پر لیاری کے بعد گھوٹکی میں بھی اختلافات سامنے آگئے

پیپلزپارٹی کا اعلی سطحی وفد ناراض رہنما کے گھر پہنچ گیا
شائع 07 جنوری 2024 04:50pm
لیاری کے مظاہرین ٹکٹوں کی تقسیم پر احتجاج کرتے ہوئے۔ فوٹو:فائل
لیاری کے مظاہرین ٹکٹوں کی تقسیم پر احتجاج کرتے ہوئے۔ فوٹو:فائل

پیپلز پارٹی کی ٹکٹوں کی تقسیم پر لیاری کے بعد گھوٹکی میں بھی اختلافات سامنے آگئے ہیں اور قیادت پریشان ہوگئی ہے جس کے بعد اعلی سطحی وفد ناراض رہنما کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بلاول ہاؤس کے قریب پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی پلے کارڈ اٹھا کر عام انتخابات کے لئے ٹکٹس کی تقسیم کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے مظاہرہ کیا تھا۔ اب لیاری کے بعد گھوٹکی میں بھی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 2018 کے عام انتخابات میں اس وقت کے تحریک انصاف کے رہنما سردار شہریار شر نے پیپلزپارٹی کے جام مہتاب ڈھر کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 18 اوباڑو سے شکست دی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت 2018 میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر کامیاب سردار شہریار شر کو ہی ٹکٹ دینا چاہتی ہے، جس پر پی پی سینیٹر ضد پر اڑ گئے ہیں اور انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹر جام مہتاب ڈھر حلقہ پی ایس 18 اوباوڑو سے آزاد امیدوار ہیں، اور پارٹی قیادت پریشان ہے اور اس نے ایک اعلی سطحی وفد ناراض رہنما کے گھر بھیج دیا ہے، وفد میں مراد علی شاہ، خورشید شاہ، ناصر شاہ اور نثارکھوڑو شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جام مہتاب نے دو ٹوک پیغام میں کہا ہے کہ میں ہر حال میں الیکشن لڑوں گا۔ تاہم وفد نے جام مہتاب کو جاتے ہوئے پیغام دیا کہ امید کرتے ہیں آپ پارٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

واضح رہے کہ شہریار شر کی پی پی میں شمولیت کے بعد جام مہتاب ڈہر کو سینیٹر بنایا گیا تھا۔

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

Election Jan 7 2024