Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کے بانی رکن نجیب ہارون ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہوگئے

نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2024 06:44pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اور سابق رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون متحدہ قومی موومنت (ایم کیو ایم) پاکستان میں شامل ہوگئے۔

نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی، انہوں نے کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما فاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد سابق رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ خالد مقبول صدیقی نے نجیب ہارون کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

یاد رہے کہ نجیب ہارون پاکستان انجینئرنگ کونسل کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے کراچی سے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 جولائی 2023 کو نجیب ہارون نے پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا ایک بیان میں نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ میری 27 سال سیاسی جدوجہد رہی ہے، 9 مئی کے واقعے نے پاکستان کے امیج کوخراب کیا، ان واقعات نے ہماری سیاست کو بھی تقسیم کیا۔

نجیب ہارون نے 16 اپریل 2020 کو قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔ نجیب ہارون اگست 2018 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں۔

نجیب ہارون نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے اپنی زمانہ طالب علمی سے کیا وہ پی ٹی آئی کے ان ارکان میں سے ایک تھے جنہوں نے 1990 کی دہائی کے وسط میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے جولائی 2017 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کراچی کے حلقہ PS-114 سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر سندھ کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر حصہ لیا لیکن ہار گئے۔

2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر حلقہ NA-256 سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ انہیں پاکستان کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے سیاستدان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، اپریل 2020 میں، انہوں نے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کمی کی وجہ سے بطور رکن قومی اسمبلی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

pti

karachi

MQM

MQM Pakistan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Election 2024

Election Jan 6 2024

najeeb haroon