Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے مقبول ترانے کے خالق عاصم تنہا جھگڑے میں قتل

مقتول کے بھائی کے ہاتھوں قاتل بھی مارا گیا۔
شائع 06 جنوری 2024 03:44pm

پاکستان تحریک انصاف کے لیے مقبول ترانہ ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ لکھنے والے ماجد خان المعروف عاصم تنہا ذاتی جھگڑے کے دوران قتل ہوگئے۔ مقتول کے بھائی کے ہاتھوں عاصم تنہا کا قاتل بھی مارا گیا۔

ضلع بھکر کے علاقے کلورکوٹ کے نواحی علاقہ ڈیلی نامدار میں معمولی تلخ کلامی پر دو فریقین میں جھگڑے کے دوران سمیع اللہ نامی جوان نے ماجد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

چاندنی چوک پر پیش آنے والے اس واقعے کےجواب میں ماجد عرف عاصم تنہا کےبھائی ساجد نے سمیع اللہ کو قتل کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ سمیع اللہ ماجد خان کا قریبی عزیز تھا اور خاندانی جھگڑے کے باعث دونوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی۔

پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیاہے، اور فرار ہوجانے والے عاصم تنہا کے بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

عاصم تنہا سرائیکی، پنجابی اور اردو کے شاعر اور گیت نگارتھے جن کے پی ٹی آئی کے لیے لکھے گئے ترانے ’ہم کوئی غلام تو نہیں‘ کو پاکستان سمیت پی ٹی آئی کے بیرون ملک حلقوں میں بھی بیحد پزیرائی ملی۔

انہوں نے اسی عنوان سے گیتوں پر مبنی کتاب بھی تحریر کی تھی۔

pti

ASIM TANHA

HUM KOI GHULAM TU NAHI