Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’فلم وکھری پاکستان کی ہرعورت کو دیکھنی چاہیے‘

فلم میں صرف لیکچر نہیں بلکہ انٹرٹینمنٹ بھی ملے گا، اداکارہ فریال محمود
شائع 03 جنوری 2024 09:53pm

اداکارہ فریال محمود کا کہنا ہے کہ فلم وکھری دیکھتے ہوئے سینما میں ہر کسی کو ایسا لگے گا کہ یہ تو اس کے ساتھ ہوا ہے ، یہ عورتوں کی بنائی ہوئی فلم ہے اور ہرعورت کو دیکھنی چاہیے۔

سعودی عرب میں منعقدہ ریڈ سی فلم فیسٹیول میں بین الاقوامی پریمیئر کے بعد فلم وکھری 5 جنوری کو پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے، سال 2024 کی پہلی پاکستانی فلم وکھری سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہو کر لکھی گئی۔

اگرچہ یہ فلم قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی نہیں لیکن اس کا مرکزی خیال ان کی زندگی ہی سے لیا گیا ہے، وکھری میں مرکزی کردار اداکارہ فریال محمود ادا کر رہی ہیں۔

فلم کی کہانی کے حوالے سے فریال محمود کا کہنا تھا کہ فلم وکھری میں ایک عورت کی جدوجہد دکھائی گئی ہے جب وہ گھر سے نکلتی ہے تو اسے لوگ بھی دیکھتے ہیں اور ہمارے معاشرے میں حراسانی عام سی بات ہے، فلم میں سماجی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، فلم میں نہ صرف سوشل میڈیا انفلونسر کے مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے بلکہ غیرت کے نام پر قتل سے لے کر لڑکیوں کی تعلیم اور اقلیتوں کے حقوق جیسے مسائل پر آواز اٹھائی۔

ان کا کہنا تھا فلم کے ایک ایک لمحات کو آپ اپنی زندگی سے جوڑسکتے ہیں،کافی وقت سے ہم نے کوئی ایسی فلم نہیں دیکھی ۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لیڈ رول میں یہ میری پہلی فلم ہے اسی لیے پرجوش ہوں،میں فلم کے لیے ہی بنی ہوں کیونکہ فلم کیلئے ایک اداکارہ کو ڈانس آنا چاہیئے ،وہ کریکٹر ایکٹنگ بھی کرسکے، گلیمرس ہو مجھے لگتا ہے میں یہ سب کرسکتی ہوں اور کر چکی ہوں جبکہ اس کے علاوہ ٹی وی بھی کروں گی۔

ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے ڈرامہ رقیب سے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ڈراموں کیلئے کچھ مختلف اسکرپٹ کی تلاش ہے کچھ ایسا جو دل کو لگے جیسا رقیب سے دل کو لگا تھا ۔

اداکارہ فریال محمود ڈرامہ سیریل رقیب سے میں دکھائی دیں گی۔ بی گل کا تحریر کردہ اور کاشف نثار کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامہ سیریل رقیب سے میں فریال محمود نے اہم کردار ادا کیا تھا ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں اقرا عزیز، نعمان اعجاز، ثانیہ سعید اور حدیقہ کیانی شامل تھے۔

گزشتہ ماہ اداکارہ فریال محمود نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’وکھری‘ سابق شوہر کے نام کرنا چاہیں گی۔

اپنی پوسٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم میری شادی کے بعد شروع ہوئی اور شادی سے میں نے بہت سیکھا اور سابق شوہر کے نام کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شوہر نے مجھے زندگی میں بہت سبق سکھائے، اور مجھے مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اداکارہ نے کرونا کی وبا کے دوران مئی 2020 میں اداکار دانیال راحیل سے خاموشی سے شادی کی تھی تاہم انہوں نے مارچ 2022 میں اپنی شادی طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔

فریال محمود نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو خواتین گھروں سے نکل سکتی ہیں، وہ ان سے یہ درخواست کریں گی وہ سینما جاکر لازمی ’وکھری‘ دیکھیں، وہ مایوس نہیں ہوں گی، انہیں فلم میں اپنی کہانی نظر آئے گی۔

فلم میں معروف ڈائریکٹر عبداللّٰہ صدیقی کی موسیقی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ سنگر علی سیٹھی، میشا شفیع اور نتاشا نورانی نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

ارم پروین بلال کی تحریر کردہ اور انہی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کی کاسٹ میں فریال محمود، گلشن مجید، سہیل ثمیر، بختاور مظہر، طوبیٰ صدیقی اور منجھے ہوئے فنکار سلیم معراج شامل ہیں۔

Faryal Mehmood

Film Wakhri