Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریاست مخالف بلوچوں اور طالبان کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا، جان اچکزئی

عوام دہشت گردوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، نگراں صوبائی وزیر
شائع 03 جنوری 2024 06:06pm
تصویر:  — اے پی پی/ فائل
تصویر: — اے پی پی/ فائل

بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ریاست مخالف بلوچوں اور طالبان کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ عوام دہشت گردوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ بلوچستان کےعوام، دشمن کے ہتھکنڈوں سے آگاہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں نے وزیرستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 6 حجاموں کو قتل کیا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی سے متعلق وزیر اعظم کی گفتگو سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام نے ایک نام نہاد کمیٹی کی کال مسترد کر دی، جبکہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی حق پر مبنی سچی باتیں کی ہیں۔

سانحہ نو مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 9 مئی والوں کو کہتا ہوں کہ انہوں نے ریاستی املاک پر حملہ کیا، ان واقعات کے ذمہ داروں کو انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، آج ایسے عناصر لیول پلیئنگ فیلڈ کس منہ سے مانگ رہے ہیں۔

کرکٹ پر بات کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ احمد شہزاد بلوچستان کے کرکٹرز کو قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے لئے روڈ میپ دیں گے، احمد شہزاد بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔

terrorist attacks

Balochistan law and order situation

Jan Achakzai