Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگا ترین سال: 2023 میں بنیادی ضرورت کی کونسی اشیا کتنی مہنگی ہوئیں

سال بھر کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کے درمیان قریبی تعلق رہا
شائع 02 جنوری 2024 01:22am
فوٹو فائل
فوٹو فائل

سال 2023 پاکستانی عوام کے لیے مہنگائی کے اعتبار سے بدترین سال ثٓابت ہوا۔ اس ایک برس میں جتنی مہنگائی ہوئی اتنی حالیہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

نیا سال شروع ہوتے ہی پاکستان کے ادارہ شماریات نے دسمبر کی مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے اور معلوم ہوا کہ سال کے آخری مہینے میں مہنگائی نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور پچھلے کچھ ماہ میں کم ہونے کے بعد یہ بڑھ کر دوبارہ 29.7 فیصد پر جا پہچی ہے۔

سال بھر کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کے درمیان قریبی تعلق رہا۔ سب سے زیادہ مہنگائی مئی کے مہینے میں 38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہی وہ مہینہ تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور شدید بے یقینی کی صورت حال دکھائی دی۔

ادارہ شماریات کے ڈیٹا سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی ضرورت کی کئی اشیا عوام کے لیے مشکل ہوگئی ہیں۔ جہاں کئی چیزوں کی قیمت میں 50 فیصد کے لگ بھگ اضافہ ہوا وہیں گیس کے نرخ 1100 فیصد بڑھ گئے۔

آٹے کے بیس کلوگرام کے تھیلے کی قیمت 1,556.73 سے بڑھ کر 2,818.49 روپے ہوگئی۔ چاول اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

لیکن اچھی بات یہ ہے کہ نومبر میں عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے پیش گوئی کی جا چکی ہے کہ پاکستان میں 2024 میں گندم کی فصل اچھی ہوگی اور گندم کی درآمد کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ اس کا سبب زمین میں پائی جانے والی نمی ہے جو جون 2023 میں آنے والے سیلاب سے پیدا ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعدادوشمار میں 51 اشیائے ضرورت کی دسمبر 2022 اور دسمبر 2023 کی قیمتوں کا موازنہ دیا گیا ہے۔ یہ اوسط قیمتیں ہیں اور مقامی طور پر بعض علاقوں میں قیمتیں اس سے ہٹ کر بھی ہوسکتی ہیں۔

تاہم ذیل میں دیئے گئے جدول سے قیمتوں میں اضافے کا اندازہ ہوتا ہے۔

نمبر اشیائے ضرورت پیمانہ قیمت دسمبر 2023 قیمت دسمبر 2022 % فرق
1 آٹے کا تھیلا 20kg Rs2,818.49 Rs1,556.73 81.05
2 باستمی ٹوٹا چاول 1kg Rs220.97 Rs133.91 65.01
3 ڈبل روٹی چھوٹی Each Rs115.79 Rs85.97 34.69
4 فارمی مرغی 1kg Rs348.37 Rs306.94 13.5
5 تازہ دودھ 1ltr Rs185.28 Rs148.05 25.15
6 دہی 1kg Rs215.53 Rs170.79 26.2
7 انڈے فارمی 1 Dozen Rs367.39 Rs278.38 31.97
8 خوردنی تیل Each Rs2,787.10 Rs2,734.02 1.94
9 آلو 1kg Rs83.25 Rs62.31 33.61
10 پیاز 1kg Rs167.38 Rs207.56 -19.36
11 ٹماٹر 1kg Rs111.21 Rs97.32 14.27
12 چینی 1kg Rs141.00 Rs93.95 50.08
13 نمک پسا ہوا 80 گرام Rs68.77 Rs48.25 42.53
14 پچاس یونٹ والوں کیلئے بجلی Per Unit Rs7.04 Rs6.54 7.65
15 گیس 3.3719 یونٹ تک MMBTU Rs1,711.00 Rs141.57 1,108.59
16 جلانے کی لکڑی سالم 40kg Rs1,140 Rs1,026.40 11.07

گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سبب آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو قرار دیا جاتا ہے۔ نئے سال کے پہلے مہینے میں ہی آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپنے ایک اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی قسط کی حتمی منظوری دے گا۔ اس کے بعد جب نئی حکومت منتخب ہوگی تو پاکستان کو ایک بار پھر پاکستان سے قرض کی تیسری قسط کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔

Inflation

electricity prices