Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کاغذات نامزدگی: اسلام آباد میں عمران خان کی کئی جائیدادیں سامنے آگئیں

بانی پی ٹی آئی نے بھکر کی اراضی بھی ظاہر کی۔ بنی گالا کا گھر بشریٰ بی بی کے نام
اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2023 02:37pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کاغذات نامزدگی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی حیرت انگیز تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں گزشتہ 5 سالوں میں 27 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، 2018 میں عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی، کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں ان کے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا، زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا۔

اسی طرح عمران خان نے بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی، بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا گیا۔

عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی ظاہر کی گئی ، اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ظاہر کی گئی، 3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا۔

سابق چیرمین پی ٹی آئی نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی۔

کاغذات کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی کسی ایک گاڑی کے مالک نہیں ہیں، ان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے، اسلام آباد کے مختلف بنک اکاؤنٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے، لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں۔

کاغذات میں توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔

کاغذات میں بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی گئی ہے، بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021 میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کئے، ایک سال کے دوران 2022 میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق 2023 میں انہوں نے اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلیت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے۔

imran khan

assets

nomination papers

bushra bibi

Assets Declaration

Election 2024

Election Dec 30 2024