Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت، آر او نے میڈیا کا داخلہ بند کردیا

ریٹرنگ افسر کے کمرے کے باہر پولیس اور پرائیویٹ عملہ موجود ہے۔
شائع 30 دسمبر 2023 12:44pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ گرفتار سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ صنم جاوید کے پی پی 150 سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر عائد کئے گئے اعتراضات پر سماعت ہوئی۔

صنم جاوید کے وکیل شکیل احمد پاشا، والد اور والدہ ریٹرننگ افسر پی پی 150 کے سامنے پیش ہوئے۔

صنم جاوید کے وکیل نے اعتراضات کے بارے میں تحریری جواب ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دیا۔

صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، اور لاہور سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

صنم جاوید کے کاغذات پر اعتراض میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی پر دستخط اصل نہیں اور صنم جاوید پر دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔

اعتراضات پر سماعت کے دوران ریٹرنگ افسر نے میڈیا کا داخلہ بند کر دیا اور صرف اعتراضات کنندہ اور صنم جاوید کے وکیل کو کمرہ میں داخلے کی اجازت دی۔

ریٹرنگ افسر راجہ منصور احمد نے کہا کہ میڈیا کا کوئی نمائندہ سماعت کا احوال نہیں سن سکتا۔

ریٹرنگ افسر کے کمرے کے باہر پولیس اور پرائیویٹ عملہ موجود ہے۔

پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کے وکیل شکیل احمد پاشا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنم جاوید کے خلاف شکایت کنندہ ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہیں ہوا، پہلے ریٹرننگ افسر نے آج صبح ساڑھے 8 بجے کا وقت دیا تھا۔

شکیل پاشا کا کہنا ہے کہ اعتراضات کے بارے میں جواب جمع کروا دیے، صنم جاوید کے خلاف شکایت کنندہ بھی ابھی تک نہیں آیا، صنم جاوید کو ہراساں اور پریشان کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنم جاوید کے خلاف جعلی شکایت کنندہ تیار کیا گیا، ڈی سی لاہور سے اجازت لے کر کاغذات کی تصدیق کروائی گئی، شکایت کنندہ کا ہونا لازمی ہے، شکایت کنندہ اپنے اعترضات کے بارے میں بتائے گا۔

pti

sanam javed

Election 2024

Election Dec 30 2024