اسموگ کی وجوہات جاننے کے لئے چین کے ماہرین ماحولیات کو بلانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے اسموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا، جس میں اسموگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور بتایا گیا ہے کہ چین کے ماہرین ماحولیات کی خصوصی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس اسموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں، ہم صرف سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے اسموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے غیر معیاری پیٹرول و ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کرنے کا حکم دیا۔
بعد ازاں محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا مجموعی طور پر 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، سدرن لوپ تھری 31جنوری کو ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔
Comments are closed on this story.