حکومت غیر جانبدار ہے، پارٹیاں ووٹرز کی توجہ کیلئے الزام تراشیاں کرتی ہیں، احمد شاہ
نگراں وزیر اطلاعات سندھ سید احمد شاہ نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل تیار ہیں۔ سندھ حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار ہے، پرامن انتخابات اور اچھے سینیٹرز کی تیاری الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
حیدرآباد میں شیخ ایاز میلے کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احمد شاہ نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے سندھ حکومت کو جتنا فنڈ جاری کرنا ہے وہ کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نو ہزار نو سو پولنگ اسٹیشن کو الیکشن سے قبل تیار کرلیں گے، آئندہ ہفتے وزیر اعلیٰ نے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے جس میں انتخابات کے انتظامات و حساسیت پر بات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے سندھ حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار ہے جن صوبوں میں چھوٹی پارٹیاں ہوتی ہیں وہ زیادہ الزام تراشیاں کرتی ہیں کیونکہ انہیں ووٹرز کی توجہ حاصل کرنی ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح باخبر ہیں ، ایاز میلہ ایک اچھی روایت ہے پورا سندھ اس میلے سے جڑا ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.