ایم کیو ایم خاتون عہدیدار سے ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار
غریب آباد انڈر بائی پاس میں ایم کیو ایم پاکستان شعبہ خواتین کمیٹی کی رکن رخشندہ مرحوم سے ڈکیتی کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
شریف آباد پولیس کے مطابق چھینا جھپٹی میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن کی شناخت محمد عدنان اور محمد ارسلان کے ناموں سے ہوئی، گرفتار ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں اور منشیات کے عادی ہیں جو چھینا جھپٹی کی واردات بھی کرتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو شریف آباد پولیس نے سی پی ایل سی سینٹرل کی تکنیکی معاونت سے گرفتار کیا، ان کی گرفتاری کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد بھی حاصل کی جس سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔
حکام نے کہا کہ ایم کیو ایم خاتون عہدیدار سے پرس چھینتے وقت ملزم عدنان موٹر سائیکل چلارہا تھا جب کہ ملزم ارسلان موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا تھا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسکول پرنسپل سے چھینا ہوا موبائل فون سمیت واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی جب کہ ان کے خلاف واردات کا مقدمہ الزام نمبر 368/2023 بجرم دفعہ 316/392/34 ت پ شریف آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمّل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان شعبہ خواتین کمیٹی کی رکن کے ساتھ پرس چھیننے کا واقعہ 15 دسمبر کو اندرون غریب آباد انڈر پاس حدود تھانہ شریف آباد میں پیش آیا تھا۔
اتون رخشندہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل پرجارہی تھیں کہ دو ملزمان نے چلتی موٹرسائیکل پران سے پرس چھیننے کی کوشش کی۔
چھینا جھپٹی کے دوران خاتون کے موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث سَر پر چوٹیں آئی تھیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئی تھیں۔
Comments are closed on this story.