Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لیگی امیدواروں کو ٹکٹ کے بغیر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مشروط اجازت

مسلم لیگ ن نے ٹکٹ دیا تو لیڈ سے جیتیں گے، ذیشان نقوی
شائع 20 دسمبر 2023 01:12pm

مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے الیکشن شیڈول جاری ہونے پر پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کو باضابطہ کاغذات جمع کرانے کی اجازت دیدی۔

ن لیگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہر امیدوار کو 22 دسمبر تک ضلعی پارٹی صدر کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے پر امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لیں گے، اور نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے۔

اعلامیہ جاری ہونے کے بعد ن لیگی امیدوار کاغزات نامزدگی جمع کرانے پہنچ گئے۔

راولپنڈی میں ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے کہا کہ انہوں نے این اے 46 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کراچی سے آئے اور سرینا میں رکے وہ انتخابات نہیں جیت سکتا، ہم پنڈی کے لوکل لوگ ہیں بھرپور مقابلہ کریں گے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ قائد نے جس کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ٹکٹ اسے ہی ملے گا۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے آج تک میرے پیسے نہیں دئے، شیخ رشید نے 1997 سے لیے ہوئے بائیس لاکھ دینے ہیں، وہ میں لے کر رہوں گا۔

دوسری جانب سابق ڈپٹی مئیر اسلام آباد ذیشان نقوی ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم مسلم لیگ کے ورکر ہیں، اگر مسلم لیگ ن نے ٹکٹ دیا تو لیڈ سے جیتیں گے، آخر میں ٹکٹ کا فیصلہ میاں نواز شریف نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امیدواران کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد ٹکٹوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہو گا۔

ذیشان نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت سب سے بڑا مسلئہ پانی کا ہے، اسلام آباد کے لوگوں کو برابری کی سطح پر حقوق دلوانے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بھر پور طریقے سے انتخابات لڑے گی۔

Malik Noor Awan

Zeeshan Naqvi

Election 2024