Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

درآمدی انجن آئل مہنگا ہونے کا خدشہ

46 اقسام کے انجن آئل کی درآمد پر کسٹمز ویلیو میں 30 سے 50 فیصد تک اضافہ
شائع 19 دسمبر 2023 10:45am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی نے چین، ترکیہ، کوریا، مشرق وسطیٰ، تھائی لینڈ، روس اور ایران سے 46 اقسام کے انجن آئل کی درآمد پر کسٹمز ویلیو میں 30 سے 50 فیصد تک اضافہ کردیا جس کے بعد پاکستان میں انجن آئل مہنگا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

قیمتوں کا دوبارہ تعین اس طرح کیا گیا کہ انجن آئل کی درآمد پر انڈر انوائسنگ کے واقعات کو کافی حد تک کم کیا جاسکے، کسٹمز ویلیوز (سی اینڈ ایف) فی لیٹر اور فی کلو گرام کی بنیاد پر امریکی ڈالر میں طے کی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ نے گزشتہ روز نیا ویلیو ایشن فیصلہ جاری کیا جس کے مطابق درآمدی انجن آئل کی کسٹم ویلیوز کا تعین ویلیو ایشن رولنگ کے تحت کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مشاہدہ کیا گیا کہ زیادہ تر برانڈز کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کا مارکیٹ سروے میں ذکر نہیں جب کہ قیمتوں کے تعین کا عمل طریقہ کار کی بے ضابطگیوں کا شکار ہوا۔

ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ سبجیکٹ سامان کی کسٹم اقدار کا دوبارہ تعین کرنے کے لئے ایک اجلاس طلب کیا گیا جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، مذکورہ اجلاس میں اشیاء کی ویلیو ایشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسٹیک ہولڈرز نے کہا کہ ویلیو ایشن رولنگ نمبر 1805/2023 میں طے شدہ کسٹمز ویلیوز زیادہ ہیں اور بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انجن آئل بیس آئل سے بنائے جاتے ہیں، انجن آئل کے مختلف گریڈ پیدا کرنے کے لئے بنیادی تیل میں مختلف اجزاء شامل کیے جاتے ہیں۔ لہذا ان کی قیمتوں کا تعین کرنے میں بنیادی تیل اور اضافی اجزاء کی اقدار پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

اسٹیک ہولڈرز کا کہنا تھا کہ سبجیکٹ سامان کی قدروں کا تعین کرتے وقت اعلیٰ درجے کے برانڈز کی اقدار پر غور نہیں کیا جانا چاہئے۔

اسٹیک ہولڈرز نے دعویٰ کیا کہ انجان آئلز کی مارکیٹ ویلیو ویلیو ایشن رولنگ نمبر 1140/2017 میں طے شدہ قدروں سے صرف 5 فیصد زیادہ ہے اور ویلیو ایشن رولنگ نمبر 1805/2023 میں قیمتیں کہیں زیادہ ہیں۔

بعد ازاں ڈائریکٹریٹ کا کہنا تھا کہ درآمد کنندگان کے سیلز ٹیکس انوائسز کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیاء کی کسٹم ویلیوز کا تعین کیا جس میں ویلیو ایشن کے طریقوں کو استعمال کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

lubricating oil

engine oil

Directorate General of Customs Valuation

imported oil