Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے
اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 08:13pm
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل

سابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت لی، وہ ڈیرہ بگٹی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے آج سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی ، جس کے بعد سرفراز بگٹی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

سابق صدر آصف زرداری نے تربت میں سرفرازبگٹی کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پرپارٹی کے پرچم والا مفلر پہنایا اور ورکرز کنونشن میں سابق وزیرداخلہ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

اس حوالے سے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ قائد محترم آصف زرداری نے مجھے تربت آکر پیپلزپارٹی جوائن کرنے کا حکم دیا، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس سرزمین پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو پاکستان کے خلاف بیانیہ چیلنج کرے گی، آصف زرداری کی قیادت میں بلوچستان کے خطے میں امن کا سورج طلوع ہوگا، سندھ میں ضلع کو ضلع سے جوڑا اور سڑکوں کا جال بچھایا گیا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے بلوچستان میں بھی حکومت بنائیں گے، نفرت اور قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کوشکست دینے کا آغاز کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نفرت اور قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کو شکست دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق سرفراز بگٹی نے آج تربت جلسے میں پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا اور وہ ڈیرہ بگٹی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔

اس سے قبل خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سرفراز بگٹی نے نواز لیگ میں شمولیت کے لیے استعفیٰ دیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے تربت میں سیاسی سرپرائز کا دعویٰ کیا گیا تھا اور آصف علی زردار تربت میں سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کا اعلان بھی کرسکتے ہیں جبکہ بلوچستان کے دیگر اہم سیاسی و قبائلی شخصیات سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔

Pakistan People's Party (PPP)

sarfaraz bugti

Election 2024