Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

سنسر بورڈ فلموں پر پابندی لگانا بند کرے، فلم کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں: آمنہ الیاس

میں اتفاق کرتی ہوں کہ پاکستان میں اچھی فلمیں نہیں بنتی، آمنہ الیاس
شائع 14 دسمبر 2023 08:23pm

اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ شائقین ایک طرح کی رومانوی کہانی دیکھ دیکھ کر تھک گئے ہیں اچھی فلمیں بنیں گی تو لوگ دیکھیں گے۔

سماجی ناہمواریوں سے پردہ ہٹانے والی فلم گنجل میں اداکارہ آمنہ الیاس مہر نامی ایک سوشل ایکٹوسٹ کے کردار میں نظر آئیں گی، اس فلم میں چائلڈ لیبر اور سماجی ناانصافیوں جیسے سنگین مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

آج ٹی وی سے گفتگو میں اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ جب میں نے پہلی دفعہ اسکرپٹ سنی تو میں نے کہا یہ تو سچ ہے یہ ہمارے معاشرے میں ہورہا ہے، آپ گھر سے نکلیں تو دیکھیں بچے بھیک مانگتے ہیں، بچے اسمگل ہورہے ہیں، گھروں میں چھوٹی چھوٹی بچیاں کام کررہی ہیں، یہ ایک حساس معاملہ ہے۔

اپنے کردار مہر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایسے پراجیکٹ میں مجھے کام کرنے میں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ مہر ایک نوجوان سوشل ایکٹیوسٹ ہے جو چائلڈ لیبر کیلئے کام کرتی ہے اور وہ بچوں کے لیے لڑ رہی ہے، اس نے دنیا میں بچوں کے ساتھ اتنی ناانصافی دیکھ لی ہے کہ اس نے مسکرانا چھوڑ دیا اس کی زندگی اسی گرد گھومتی ہے اور وہ سوسائٹی کو چینج کرنا چاہتی ہے۔

پاکستانی فلموں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں اتفاق کرتی ہوں کہ پاکستان میں اچھی فلمیں نہیں بن رہیں، نئی نئی کہانیاں ایک کے بعد دیگرے آئیں گی تو لوگ دیکھیں گے، کیونکہ شائقین ایک طرح کی رومانوی کہانی دیکھ دیکھ کر تھک گئے ہیں۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ میں سنسر بورڈ سے درخواست کرتی ہوں کہ فلموں پر پابندی لگانا بند کریں فلموں کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں، جنہیں تنقید کرنی ہے وہ کرے، بالی ووڈ میں بھی ایک ہزار فلمیں بنتی ہیں تو پانچ سو پر تنقید ہوتی ہے، ہالی ووڈ کی مشہور فلم باربی پر بھی تنقید ہوئی ہے، ہوسکتا ہے فلم گنجل پر بھی تنقید کی جائے لیکن فلمسازوں کو فلم بنانے سے نہ روکیں۔

انہوں نے صبا قمر کی کملی اور فلم جوائے لینڈ کی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اچھی فلمیں بنیں گی تو لوگ دیکھیں گے، ہر طرز کی فلمیں بنی چاہیے، شائقین ٹریلر دیکھیں اچھا لگے تو فلم دیکھیں، نہیں اچھا لگے تو نہ دیکھیں، جس نے دیکھنا ہوگی وہ دیکھے گا جسے نہیں دیکھنا وہ نہیں دیکھے گا۔

فلم گنجل میں معاشرے کی کڑوی سچائی اور نہ صرف انصاف کے حصول کی تلخ کہانی کو بھی بیان کیا گیا ہے بلکہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم صحافی شہباز بھٹی کی کہانی اور سچے واقعات پر مبنی ہے، جس کی ہدایت کاری شعیب سلطان نے جبکہ نگہت اکبر شاہ نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں احمد علی اکبر کے علاوہ ریشم، آمنہ الیاس، احمد علی بٹ، سید محمد علی، سرمد آفتاب، رضیہ ملک، سردار نبیل، علی آفتاب سعید، ارحم خان، ابتسام مصطفیٰ، حبیبہ سفیان، احسن مراد، منیر خان اور عثمان شامل ہیں۔

یہ فلم 15 دسمبر 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی ۔

amna ilyas

gunjal