تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو 30 روز کیلئے نظر بند کردیا گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کو ڈی سی لاہور کے حکم پر 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا، شیر افضل مروت کو آج لاہور ہائیکورٹ کے باہر سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
شیر افضل مروت کو تھری ایم پی او کے تحت جیل منتقل کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو لاہور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
شیر افضل مروت پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے لیے آئے تھے، ان کی گرفتاری کے موقع پر وکلاء اور پولیس میں دھکم پیل بھی ہوئی۔
دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی گرفتاری لاقانونیت اور اہلِ اقتدار کے بوکھلاہٹ کی مظہر ہے، غیر قانونی حربوں کا مقصد الیکشن سے فرار اور“لندن پلان“ کے تحت لائے گئے بھگوڑے کو اقتدار پر قابض کرنا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی گرفتاری کے متضاد دعوے، خیبرپختونخوا پولیس کی تردید
پشاورہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو شیر افضل مروت کیخلاف کارروائی سے روک دیا
ادھر لاہور بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے شیر افضل مروت کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا، جس کے باعث جی پی پی پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، احتجاج کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments are closed on this story.