Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کررہی ہے، شہباز شریف

تحریک انصاف ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری پالیسی پر کار بند ہے، صدر ن لیگ
شائع 14 دسمبر 2023 01:51pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری پالیسی پر کار بند ہے، اور انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کررہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری پالیسی پر کار بند ہے، میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلان کرتی ہے، اور عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز کرتی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے، یہ جماعت انتخابات ملتوی کرانے کی سازش اور 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، اس کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژکرنے کی سازش ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‎2018 کے انتخابات میں بیوروکریسی نے ہی ڈی آراو کی ذمہ داری نبھائی تھی، اس وقت بیوروکریسی کے ڈی آراوز کا فرض نبھانے پر اعتراض نہیں کیا گیا۔

ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان کا بیان

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی صوابدید کے تحت آراوز لگا سکتا ہے، کل عدالت کاجو فیصلہ آیا ہے یہ پی ٹی آئی کی پٹیشن تھی، پی ٹی آئی نے انتخابات روکنے کیلئے پٹیشن دائر کی تھی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلےعدلیہ سے آر اوز کیلئے رابطہ کیا تھا، اور آراوز، ڈی آراوز سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری ہوا تھا، الیکشن کا سارا پراسس رولز کےتابع ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لئے 8 فروری کی تاریخ سپریم کورٹ میں دی گئی، فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر بھی موجود تھے، تحریک انصاف انتخاب سے بھاگنا چاہتی ہے، آپ نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی،عدلیہ کے خلاف پوزیشن اختیار کی، سوشل میڈیا پر ججز کے خاندانوں کی بے حرمتی کی گئی، جو کچھ آپ کرتے ہیں وہ سب سامنے آتا ہے، اور ہمیں کہا جاتا رہا ہے کہ ہم انتخابات نہیں چاہتے۔

pti

Shehbaz Sharif

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024